عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سینکڑوں یاتری ماتا راگنیا دیوی کے دربار اور کشمیر بھر کے دیگر روایتی مقامات کی جانب روانہ ہوئے، جب ماتا کھیر بھوانی یاترا-2026 کو باضابطہ طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔اس رسمی روانگی کے تحت 214بسوں میں تقریباً 8,500یاتریوں کو کشمیر کے مختلف زیارتی مقامات کی جانب روانہ کیا گیا، جو جیٹھ اشٹمی کی سالانہ مذہبی روایت کی عکاسی کرتا ہے۔ایم ایل اے نگروٹہ دیویانی رانا نے ٹول پوسٹ نگروٹہ سے یاترا کو جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی جموں۔سانبہ۔کٹھوعہ رینج شری دھر پٹیل، ریلیف اینڈ ری ہیبیلیٹیشن کمشنر (مہاجرین) جموں و کشمیر ڈاکٹر اروند کاروانی، ایڈیشنل کمشنر جموں شام لال کے علاوہ سینئرسول اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔اس سال یاتریوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس اضافے کی وجہ پُرامن ماحول، مضبوط سیکورٹی انتظامات اور وسیع پیمانے پر کی گئی سہولیات ہیں، جس کی بدولت 2026 کی یاترا حالیہ برسوں کی بڑی یاتراؤں میں شامل ہو گئی ہے۔ریلیف اینڈ ری ہیبیلیٹیشن آرگنائزیشن کے سینئر اور نوڈل افسران کو یاترا سے قبل ہی تولہ مولہ ، ٹکر، دیوسر-منزگام، لوگری پورہ اور دیگر مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ انتظامات کی نگرانی اور مختلف محکموں کے درمیان تال میل قائم رکھا جا سکے۔سالانہ ماتا کھیر بھوانی میلہ تولہ مولہ (گاندر بل)، ٹکر (کپواڑہ)، دیوسر-منزگام (کولگام) اور لوگری پورہ (اننت ناگ) کے روایتی مراکز پر منعقد ہو رہا ہے، جبکہ مرکزی اجتماع ماتا راگنیا دیوی کے مقدس مقام تولہ مولہ میں ہو گا۔ یاترا 22 جون 2026 کو جیٹھ اشٹمی کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی، جب ہزاروں عقیدت مند ان زیارتی مقامات پر عبادات میں شرکت کریں گے۔