سرینگر// سرکار نے وادی میں دو مقامات پر مہاجر ملازمین کیلئے عارضی رہائش گاہ تعمیر کرنے کو منظوری دی ہے۔ محکمہ انسداد آفات سماوی انتظامات کی جانب سے حکم نامہ میں انتظامی کونسل کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ وزیر اعظم پیکیج کے تحت وادی میں تعینات ملازمین کیلئے عارضی رہائش گاہوں کی تعمیر کو انتظامی منظوری دی گئی ہے اور یہ2مقامات پر 8 ہزار 982 لاکھ 46ہزار کی لاگت سے تیار کئے جائے گے۔ آرڈر کے مطابق کولگام کے ویسو میں208مکانات (2بیڈروم، ہال کچن) 30کنال پر 6462لاکھ 65ہزار روپے اوربڈگام کے شیخ پورہ میں96مکانات (بیڈروم،حال کچن) 15کنال پر 2519 لاکھ 81 ہزار روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جائیں گے۔ آرڈر کے مطابق دونوں مقامات پر مجموعی طور پر304رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ الاٹمنٹ عمل میں یکسانیت اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے طریقہ کار تیار کیا جائے گا،اور یہ انتظامی منظوری ددیگر کوڈل ضوابط کو مکمل کرنے سے مشروط ہوگی۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ پروجیکٹ کو شروع کرنے سے قبل تمام چیزوں کی کلیرنس لازمی ہوگی اور رہنما خطوط و دیگر ضوابط کی عملداری کے نفاذ کو یقینی بنایا جاناچاہیے۔ حکم نامہ میں واضح کیا گیا ہے کہ پروجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے ای ٹینڈرنگ ماڈل کو عملایا جائے گا جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا فنڈس اس سے زائد خرچ نہ ہو۔