نئی دہلی؍ مرکزی وزیر کھیل کرن ریجیجو نے اتوار کو کہا کہ حکومت مئی کے آخر تک قومی کیمپوں کو کھولنے پر غور کر رہی ہے ۔وزارت کھیل نے کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے مارچ کے وسط میں ان کیمپوں کو بند کر دیا تھا۔ اس کے کچھ دن بعد حکومت نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جو 17 مئی تک چلے گا۔کورونا اینڈ اسپورٹس پر فکی کی ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے ریجیجو نے کہا کہ حکومت اولمپکس کی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے پابندیوں کو جزوی طور پر ہٹانے پر غور کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے آخر تک اولمپکس کے لئے بنگلور اور پٹیالہ کے قومی کیمپ کو شروع کیا جا سکتا ہے جہاں فی الحال کھلاڑی رہ رہے ہیں۔وزیر کھیل نے ساتھ ہی کہا کہ ٹریننگ کیمپ ان کھیلوں کے لئے کھولے جائیں گے جو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کر چکے ہیں یا مستقبل میں جن اولمپکس کوالیفکیشن ہونے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت وبا کے بعد گراس روٹ سطح پر توجہ مرکوز کرے گی اور کارپوریٹ کو اس میں شرکت بڑھانے کے لئے مدعو کرے گی۔ریجیجو نے کہا کہ کارپوریٹ کو مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کھیلو انڈیا جیسی پہل کے لئے ضلع اور ریاستی سطح پر تعاون کرنا چاہئے ۔یو این آئی ۔