لیہہ//جی کے میڈیکل ٹرسٹ کی طرف سے لیہہ لداخ میں طبی تشخیصی لیبارٹری قائم کی گئی جبکہ اس موقعہ پر ایک مفت طبی و سرجیکل کیمپ منعقدکیا گیا جس دوران 450مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور دسیوں کی جراحی عمل میں لائی گئی ۔گریٹر کشمیر میڈیکل ٹرسٹ نے انجمن معین الاسلام کے اشتراک سے طبی تشخیصی لیبارٹری قائم کی اور اس کا افتتاح چیف ایگزیکٹیو کونسلر دورجے موٹپ نے کیا جبکہ اس موقعہ پر سی ایم او لیہہ اور جی کے کمیونی کیشنز کے چیرمین سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں ۔ تشخیصی لیبارٹری کے افتتاح سے قبل جی کے میڈیکل ٹرسٹ نے ایس این ایس ہسپتال کے اشتراک سے یہاں 2روزہ مفت طبی و سرجیکل کیمپ منعقدکیا گیا جس دوران سرکردہ معالجین جن میں شیر کشمیر میڈیکل انسٹی چیوٹ صور ہ (سکمز) کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر شوکت احمد زرگر ،ڈاکٹر سلیم وانی اور ڈاکٹر پرویز کول شامل ہیں ،نے 2روز کے دوران 450مریضوں کا ملاحظہ کیا اور ان میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں ۔اس کے علاوہ ڈاکٹر سلیم وانی نے5جراحیاں عمل میں لائیں جبکہ ڈاکٹر شوکت احمد زرگر نے28انڈوسکوپی انجام دیں ۔اس حوالے سے جی کے میڈیکل ٹرسٹ کے سی ای و عابد احمد بانڈے نے بتایا کہ اس طرح کے کیمپ ریاست کے دیگر حصوں میں بھی لگائے جائیں گے جبکہ طبی تشخیصی لیبارٹریاں بھی قائم کی جائیں گی تاکہ دور دراز علاقوں میں لوگوں کو ان کے گھروں کے نزدیک اور وقت پر تشخیصی رپورٹ مل سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تشخیصی رپورٹوں کی بہتر کوالٹی اور رعایتی قیمتوں کے ساتھ ساتھ جی کے میڈیکل ٹرسٹ کی یہ کوشش ہے کہ جو ٹیسٹ ریاست سے باہر نئی دہلی اور دیگر مقامات پر بھیجے جاتے ہیں ،ان کیلئے یہاں لیبارٹری قائم کی جائے تاکہ لوگوں کو نہ صرف وقت پر اس کی رپورٹ مل سکے بلکہ پیسے بھی بچ سکیں ۔