عظمیٰ نیوز سروس
لیہہ//مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے تشدد سے متاثرہ لیہہ قصبے میں منگل کی صبح 10 بجے سے کرفیو میں سات گھنٹے کے لیے نرمی کی گئی، جس سے بازاروں کو بتدریج دوبارہ کھلنے اور لوگوں کو راحت فراہم کرنے کی اجازت دی گئی جو ہفتے بھر سے پابندیوں میں جکڑے ہوئے تھے۔اس سے پہلے، پیر کی شام 4 بجے سے دو گھنٹے کے لیے پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی، جس میں چار افراد کی آخری رسومات کی تکمیل کی گئی، جس میںایک ریٹائرڈ آرمی اہلکار بھی شامل ہے۔ پولیس نے بتایا”گزشتہ بدھ کو تشدد کو چھوڑ کر، کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے، حساس علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے طور پر پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات ہیں اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سخت نگرانی کر رہے ہیں،” ۔کرفیو میں ابتدائی طور پر منگل کی صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک نرمی دی گئی تھی اور بعد میں اس کی مدت شام 5 بجے تک بڑھا دی گئی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ صورتحال مکمل طور پر پرامن رہنے کے ساتھ، حکام نے شام 5 بجے کے بعد پابندیاں نہیں لگائیں، لیکن دکانداروں نے اپنے طور پر شٹر گرادیے۔انہوں نے بتایا کہ ڈھیل کے دوران بازار لوگوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے تھے اور تمام راستوں پر گاڑیاں بھی چل رہی تھیں۔ تاہم تعلیمی ادارے بند رہے۔لیہہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، غلام محمد نے اس سے قبل نرمی کی مدت کے دوران تمام گروسری اسٹورز، ضروری خدمات، ہارڈویئر اور سبزیوں کی دکانیں کھولنے کا حکم دیا تھا۔اس سے پہلے ہفتے کے روز کرفیو میں پہلی بار دو گھنٹے کے لیے ایک بجے سے اور ساڑھے تین بجے تک الگ الگ علاقوں میں نرمی کی گئی تھی۔عہدیداروں نے بتایا کہ لیہہ شہر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات بدستور معطل ہیں، اور پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی لگانے والے ممنوعہ احکامات ابھی بھی مرکز کے زیر انتظام علاقوں بشمول کرگل کے دیگر بڑے حصوں میں نافذ ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا تقریباً روزانہ کی بنیاد پر اعلی سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں۔