سونم وانگچوک گرفتار،موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل
لیہہ// حکام نے جمعہ کو کہا کہ لیہہ کو ہلا کر رکھ دینے والے تشدد کے بعد، حالات آہستہ آہستہ معمول پر آ رہے ہیں۔ ضلع بھر میں عائد پابندیوں کو کچھ علاقوں میں جزوی طور پر نرم کر دیا گیا ، حالانکہ حساس علاقوں میں سخت اقدامات بدستور برقرار ہیں۔حکام نے بتایا کہ معمولات زندگی کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اگر صورتحال پرامن رہتی ہے تو پیر سے سکول اور کالج دوبارہ کھلنے کی امید ہے۔ حکام نے اشارہ دیا ہے کہ تمام شعبوں میں اعتماد بحال ہونے کے بعد پابندیوں کو مرحلہ وار طریقے سے ہٹا دیا جائے گا۔جانوں کے ضیاع اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے والے تشدد کے سلسلے میں، پولیس نے اب تک 50 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔ حکام نے تصدیق کی کہ حراست میں لیے گئے افراد میں نیپال اور ڈوڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ تفتیش کار ان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کیا بیرونی ایجنسیوں کا بدامنی کو ہوا دینے میں کوئی کردار تھا؟ ۔تشدد، جو اس ہفتے کے شروع میں پھوٹ پڑا، ہجوم کے سرکاری دفاتر پر حملہ، گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد چار افراد ہلاک اور درجنوں سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ لیہہ ٹا ئون میں جمعہ کو تیسرے دن بھی کرفیو نافذ رہا۔ پولیس نے بتایا کہ “لداخ میں سیکورٹی کی مجموعی صورتحال پرامن رہی۔ لوگوں کو ضروری اشیا خریدنے کی اجازت دینے کے لیے دن کے آخر میں پابندیوں میں نرمی کا امکان ہے۔پولیس اور نیم فوجی دستے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سنسان گلیوں میں گشت کرتے نظر آئے۔بہت سے علاقوں میں لوگوں نے شکایت کی کہ ان کے پاس راشن، دودھ اور سبزیوں سمیت ضروری سامان کی کمی ہے۔لیہہ کے ضلع مجسٹریٹ رومیل سنگھ ڈونک نے تمام سرکاری اور نجی سکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو جمعہ سے دو دن کے لیے بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ڈی ایم نے کہا کہ اس کے علاوہ آنگن واڑی مراکز بھی بند رہیں گے۔
کرگل
کرگل میں، تجارتی سرگرمیاں جمعہ کو دوبارہ شروع ہوئیں اور گزشتہ روز مکمل بند رہنے کے بعد بازار دوبارہ کھل گئے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دکانیں اور کاروباری ادارے معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں، جس سے ضلع میں معمولات پر واپسی کا اشارہ ملتا ہے۔حکام نے لوگوں سے اپنی اپیل کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پر سکون رہیں اور سوشل میڈیا پر افواہوں یا اشتعال انگیز مواد سے نہ الجھیں۔ انہوں نے کہا کہ ترجیح صورتحال کو مکمل طور پر مستحکم کرنا اور لداخ میں تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر اور تجارتی اداروں کے بلاتعطل کام کو یقینی بنانا ہے۔ کرگل سمیت دیگر بڑے قصبوں میں پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی کے احکامات کے تحت سخت پابندیاں بھی نافذ رہیں۔
سونم وانگچک گرفتار
ماہر ماحولیات اور سماجی کارکن سونم وانگچک کو پولیس نے نیشنل سیکورٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے جودھپور پور منتقل کردیا ۔ موصوف کی گرفتاری کے فوراً بعدلیہہ میں انٹرنیٹ خدمات کو فوری طور معطل کر دیا گیا۔ پیشگی اعلان کے بغیر آنے والے اس اقدام سے مقامی لوگوں میں بڑے پیمانے پر خلل پڑا ہے جو مواصلات، تعلیم اور کاروبار کے لیے موبائل ڈیٹا اور براڈ بینڈ پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔یہ گرفتاری، وزارت داخلہ کی جانب سے ایک سخت الفاظ میں بیان جاری کرنے کے صرف دو دن بعد آیا ہے جس میں وانگچک پر ہجوم کو اکسانے اور لداخ کے رہنمائوں اور مرکز کے درمیان بات چیت کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔وزارت داخلہ نے واضح طور پر وانگچک پر لیہہ میں اپنی طویل بھوک ہڑتال کے دوران اشتعال انگیز تقریریں کرنے کا الزام لگایا تھا۔ وزارت کے مطابق، ان ریمارکس نے جذبات کو ہوا دی اور 24 ستمبر کو لیہہ میں مظاہروں کے پرتشدد موڑ کو جنم دیا، جب ہجوم نے سرکاری دفاتر پر حملہ کیا، گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ جوابی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار شہری ہلاک ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ وانگچک کو ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا اور پوچھ گچھ کے لیے مقامی پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا۔ اس پر ابھی تک باضابطہ طور پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے، لیکن پولیس ذرائع نے اشارہ کیا کہ اسے غیر قانونی اجتماع اور اشتعال انگیزی سے متعلق دفعات کے تحت مقدمات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کی گرفتاری ایک تیز کریک ڈان کے ساتھ ہوئی جس میں اب تک 50 سے زیادہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔