پاڈر میں آرمی گُڈ وِل سکول اورایک پیٹرول پمپ بنے گا :منوج سنہا
عاصف بٹ
کشتواڑ // لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشتواڑ کے چسوتی پاڈر میں سیلاب سے متاثرہ خؒاندانوں کیلئے نئے گھروں کی بنیاد رکھی ۔ چسوتی میں قدرتی آفت کے دوران مکمل طور پر تباہ ہونے والے 19گھروں کو سول سوسائٹی آرگنائیزیشن ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی ( ایچ آر ڈی ایس انڈیا ) کی مدد سے مفت تعمیر نو کیا جائے گا ۔ اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے ہلاکت خیز قدرتی آفت میں جاں بحق ہونے والے شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ تباہ کُن سیلاب نے قیمتی جانیں چھین لیں ، کئی گھر بہا دئیے اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ۔ مجھے امید ہے کہ آج جن تین بیڈ رومز والے پری فیبریکیٹڈ سمارٹ گھروں کی بنیاد رکھی گئی ہے ، وہ متاثرہ خاندانوں کی زندگیوں کو دوبارہ پٹری پر لائے گی ‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی ( ایچ آر ڈی ایس انڈیا ) کی اس خوبصورت اور انسان دوست اقدام کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا ’’ ایس ڈی آر ایف کا ریلیف ناکافی ہے ، اس لئے میں نے پہلے ایچ آر ڈی ایس انڈیا سےیوٹی بھر میں آپریشن سندور کے تحت اور اگست کے سیلاب کے بعد مکمل تباہ شدہ 1500گھروں کی تعمیر نو کی درخواست کی تھی ، جس پر انہوں نے رضا مندی ظاہر کی ۔ یہ اقدام متاثرہ خاندانوں کو بہت بڑی راحت پہنچائے گا ‘‘۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے تمام ایمر جنسی رسپانڈرز ، ضلعی انتظامیہ ، فوج ، این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آر ایف ، پولیس ، مسلح افواج ، مقامی کمیونٹی ، نوجوانوں اور رضا کار تنظیموں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے قیمتی جانیں بچائیں اور بروقت طبی امداد فراہم کی ۔ انہوں نے کہا ’’ چسوتی کے لوگوں کی گہری لچک قابل تحسین ہے ۔ فطرت نے انہیں سخت آزمائش میں ڈالا ، مگر اس مضبوط کمیونٹی نے چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا‘‘ ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں کشتواڑ کے سیلاب زدہ خاندانوں کی مکمل بحالی اور علاقے کے لوگوں کی ترقیاتی ضروریات پورا کرنے کے اپنے عہد کا ایک بار پھر اعادہ کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ پاڈرکشتواڑ کو جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی ہماری کوششوں کو پروان چڑھانے کیلئے حکومت ہند نے پاڈر میں ایک آرمی گُڈ وِل سکول اور ایک پیٹرول پمپ کی منظوری دے دی ہے ‘‘۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بارڈر روڈز آرگنائیزیشن ( بی آر او ) اتھولی سے مچیل ماتا روڈ کی دوبارہ تعمیر کرے گی اور چسوتی میں ایک نیا پُل بنائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائل نیٹ ورک کنکشن کے تمام بلیک سپاٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور بی ایس این ایل کو نئے 4جی ٹاورز لگانے کیلئے زمین متقل کر دی گئی ہے ۔ اپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے مقامی باشندوں سے ملاقات کی ، ان کے مسائل اور مطالبات سُنے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مشن یووا کے ذریعے نوجوانوں کو خود روز گار کے مواقع سے جوڑا جائے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مچیل ماتا میں یاتریوں کیلئے سہولیات کی توسیع کے جاری کام مئی 2026تک مکمل کر لئے جائیں گے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاڈر میں یاتری نواس کی تعمیر کے مطالبے کو پورا کرنے کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر سیلاب کی وجہ سے فوت ہونے والے افراد کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد اپوزیشن اور ایم ایل اے پاڈر ناگسینی سنیل شرما ، ایم ایل اے کشتواڑ شگن پریہار ، صدر ایچ آر ڈی ایس انڈیا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج ، ڈپٹی کمشنر کشتواڑ ، بانی سیکرٹری اور ایچ آر ڈی ایس انڈیا کے نمائندے ، سینئر افسران ، ممتاز شہری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ موجود تھے ۔