تیز اِقتصادی ترقی کیلئے ثقافتی ورثے کا تحفظ ناگزیر | ہم سب مل کر ایک مضبوط، محفوظ، خوشحال اور خود انحصار جموں و کشمیر بنا سکتے ہیں:منوج سنہا
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے منگل کے روز کہا’’تیز اِقتصادی ترقی کے لئے ثقافتی ورثے کا تحفظ بہت ضروری ہے‘‘۔ اُنہوں نے کہا کہ ثقافتی روایات، فنون، دست کاریاں اور رسم و رواج کو نوجوانوں تک منتقل کیا جانا چاہیے تاکہ وہ ثقافتی و روحانی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور ہنر مندی کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع حاصل کر سکیں۔لیفٹیننٹ گورنر مڑھ سب ڈویژن ضلع جموں میں سالانہ جھڑی میلہ کے اِفتتاح کے موقعے پر خطاب کر رہے تھے۔اُنہوں نے کہا، ’’حکمرانی میں عوامی شمولیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ جوابدہی کو فروغ دیا جا سکے، خدمات کی فراہمی بہتر ہو اور جامع و شفاف طرزِ حکمرانی کے ذریعے شہریوں کی ضروریات کو سمجھ کر نئی پالیسیاں بنائی جا سکیں۔‘‘منوج سِنہا نے بابا جیتو اور بوا کوڑی کوخراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا،’’بابا جیتو عوامی فلاح و بہبود کی ایک عالمگیر علامت ہیں جو فرقہ وارانہ حدود سے بالاتر ہیں۔ اُن کی سچائی، عدمِ تشدد اور بھائی چارے کی اَقدار سماج کو مضبوط کرتی ہیں اور جھڑی میلہ کثیرالثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ میرا ماننا ہے کہ بابا جیتو کو حقیقی خراجِ عقیدت یہ ہے کہ سرکاری سکیموں کے فوائد ہر کسان تک پہنچیں۔‘‘اُنہوںنے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایثار و خدمتِ خلق کے راستے پر چلنے اور ایک منصفانہ و مساوی معاشرے کے کے لئے کام کرنے کا عہد کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے سرکاری اہلکاروں اور عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ مقامی کاریگروں، دست کاروں اور تاجروں کے لئے منڈیوں کی فراہم کرنے کے لئے اِجتماعی طور پر کام کریں۔اُنہوں نے کہا،’’ہم سب مل کر ایک مضبوط، محفوظ، خوشحال اور خود انحصار جموں و کشمیر بنا سکتے ہیں۔‘‘منوج سِنہانے جموں و کشمیر کے کسانوں کی حوصلہ مندی اور معاشرے میں ان کے کردار کو سراہا اور اُن کی فلاح و بہبود کے لئے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے یاتریوں کے لئے ایک کمیونٹی ہال اور چار جدید بس سٹاپ وقف کئے اورمڑھ سب ڈویژن میںسی ایس آر کے تحت پہلے ’اِنڈور سپورٹس کمپلیکس‘ کا سنگ بنیاد رکھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف سرکاری محکموں، زرعی کاروباریوں،سیلف ہیلپ گروپوں(ایس ایچ جی) اور کسانوں کے سٹالوں کا معائینہ کیا اورترقی پسند کسانوں کو انعامات سے نوازا۔ اِس موقعہ پر جموں و کشمیر کی ثقافتی و فنی وراثت کو اُجاگر کرنے والے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔آج اِفتتاح کیا گیا یاتریوں کا کمیونٹی ہال سال بھرایک وقف پلگرم ریسٹ ہال کے طور پر کام کرتا رہے گااور مذہبی، ثقافتی، اور سماجی بیداری پروگراموں کی میزبانی کرے گا جس سے یہ سماجی و روحانی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا۔یاتریوں کی سہولیت اور ٹرانسپورٹیشن کو بہتر بنانے کے لئے جھڑی چوک، راجپورہ چوک، باوا تالاب چوک اور کاناچک چوک پر چار جدید بس سٹاپ تعمیر کئے گئے ہیں۔ یہ جھڑی مندر اور دیگر ملحقہ دیہی کلسٹروں تک رابطے اور رسائی کو بھی مضبوط کرے گا۔مڑھ سب ڈویژن میں اِنڈور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر چار ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے جو کھیلوں کے فروغ اور مقامی صلاحیتوں کی تربیت کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔ اِس سہولیت میں دو بیڈمنٹن کورٹ، جوڑو، تائیکوانڈو اور کراٹے کے لئے علیحدہ رِنگز، دو دس میٹر ایئر رائفل شوٹنگ رینجز، دو ٹیبل ٹینس ٹیبل، شطرنج اور کیرم کی سہولیت، ایک ریڈنگ روم اور تفریحی زون شامل ہوں گے۔اِفتتاحی تقریب میں چیئرمین ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل جموں بھارت بھوشن، رکنِ قانون ساز اسمبلی مڑھ سریندرکمار، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، ڈپٹی اِنسپکٹر جنرل جموں۔سانبہ۔کٹھوعہ رینج شیو کمار شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس، سینئراَفسران، عقیدت مندوں اور زِندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔