عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کل جے ایل این ایم ہسپتال رعناواری کا دورہ کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں’سیوا پکھواڑہ‘کے تحت مریضوں میں پھل تقسیم کئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے دورے کے موقعہ پر میڈیا اَفراد سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو دِلی سالگرہ کی مُبار ک باد دِی۔اُنہوں نے کہا،’’بے لوث خدمت سماجی رِشتوں کو مضبوط بناتی ہے اور ایک مشترکہ مقصد کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ 17 ؍ستمبر سے 2 ؍اکتوبر تک مختلف ’سیوا پَرو‘مہمات خواتین کو بااِختیار بنانے اور صحت کے فروغ کے لئے وقف کی جا رہی ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’وزیر اعظم نے یہ یقینی بنایا کہ اِقتصادی ترقی کے فوائد غریب اور پسماندہ طبقات تک پہنچیں۔ 25 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا گیا ہے۔ اُن کی دُور اندیش قیادت میں دُنیا بھر میں ہندوستان کا وقار بہت بڑھ گیا ہے ۔ ہم اُن کی لمبی اور صحت مند زِندگی کے لئے دُعا گو ہیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وِی سندیپ چکرورتی، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اَکشے لابرو اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔منوج سِنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کی گئی قومی صحت مہم ’سواستھ ناری، سشکت پریوار ابھیان ۔ صحت مند خواتین، بااختیار خاندان‘ میں شرکت کی۔یہ 16 روزہ مہم خواتین، نوجوان لڑکیوں اور بچوں کے لئے صحت کے مختلف شعبوں میں خدمات کو مستحکم کرنے کا کام کرے گی جس میں سکریننگ، زچگی کی نگہداشت، یوگا، آیوش اور طرز ِزِندگی سے متعلق رہنمائی شامل ہیں۔اِس موقعہ پر آٹھویں راشٹریہ پوشن ماہ کا آغاز بھی ہوا جو 17 ؍ستمبر سے 16؍ اکتوبر 2025 ء تک ملک بھر میں منایا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنرنے اس موقعہ پر ایک ہیلتھ کیمپ کا اِفتتاح بھی کیا، طبی آلات تقسیم کئے اور مشن یووا کے تحت اِستفادہ کنندگان کو منظوری نامے بھی حوالے کئے۔