عظمیٰ نیوز سروس
جموں /عظمیٰ نیوزسروس/راج بھون جموں میں کئی وفود نے ہفتہ کو لیفٹیننٹ گورنرسے ملاقات کی ۔سکھ کوارڈینیشن کمیٹی جموں و کشمیر کے ایک وفد نے اس کے سرپرست و شرومنی ڈیرہ ننگلی صاحب کے سربراہ مہنت منجیت سنگھ کی قیادت میں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔شریمن مہنت منجیت سنگھ جی نے سکھ برادری کے طویل عرصے سے زیر التوا مسائل بشمول آنند میرج ایکٹ کے نفاذ اور بابا بندہ سنگھ بہادر جی کے مجسمے کی تنصیب کیلئے لفٹینٹ گورنر کی قیادت والی یو ٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔وفد کے ارکان نے بورڈنگ ہاوس ترال میں گوردوارہ صاحب کی تعمیر سمیت لفٹیننٹ گورنر کو مطالبات کا چارٹر پیش کیا ۔انہوں نے لفٹینٹ گورنر کی توجہ سکھ گوردواروں اور مذہبی اوقاف ایکٹ 1973 کے مطابق ضلع گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کے ذریعے گوردوارہ جائیدادوں /زمین کے ایک حصے کی ملکیت کے مسائل ،وادی کشمیر میں رہنے والے سکھ کمیونٹی کے ارکان کو ایس آر او 425 کے فوائد میں توسیع ، دفعہ 254 سی کے تحت زمین کی منتقلی اور سرینگر میں مہاراجہ رنجیت سنگھ جی کے آئین کی تنصیب کی طرف بھی مبذول کروائی ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ مسائل کا جلد ازالے کیلئے جائیزہ لیا جائے گا ۔ اس موقع پر چئیر مین سکھ کوارڈینیشن کمیٹی جموں و کشمیر بھی موجود تھے ۔ادھرکل ہندکشمیری یوتھ سماج کے وفد نے بھی ہفتہ کو راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی۔پنڈت رام کانت بٹ کی قیادت میں وفد نے کشمیری پنڈتوں کو درپیش متعدد مسائل لیفٹیننٹ گورنر کی نوٹس میں لائیں،جن میں ملازمین کی بہبود،نوجوانوں اورتاجروں کے مسائل اوروادی میں مندروں کاتحفظ شامل ہیں۔اس کے علاوہ ریزروڈ کیٹگری ایمپلائز ایسوسی ایشن کشمیر نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرکے انہیں درپیش مسائل اجاگر کئے۔تحصیل پھاگسوڈودہ کے لوگوں کا وفد بھی طالب حسین کی قیادت میں لیفٹیننٹ گورنر سے ملااور انہیں علاقے کی ترقی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کاازالہ کیا جائے گا۔اس دوران لیفٹیننٹ گورنر نے صحت مندبھارت مضبوط بھارت نامی غیرسرکاری تنظیم کابھکتی ویڈیو’رام بھاجورے‘راج بھون میں جاری کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے صحت مندبھارت مضبوط بھارت تنظیم کی ٹیم کو اس کیلئے مبارکباددیتے ہوئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔یہ نغمہ ہیرالعل ابرول نے گایاہے جو تنظیم کے چیئرمین ہیں اور اس کی موسیقی برج موہن اورکلدیپ سپرو نے دی ہے۔ اس موقعہ پرغیرسرکاری تنظیم صحت مندبھارت مضبوط بھارت کے ٹرسٹی سکھنندن چودھری اوردیگر اراکین موجودتھے۔