جموں//حکومت نے جموں و کشمیر کی انتظامی کونسل تشکیل دی ہے جس کی سربراہی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کریں گے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں کوممبران کے طور پر نامزد کیاگیاہے۔ چیف سکریٹری انتظامی کونسل کے سیکریٹری ہوں گے جبکہ فائنانس ، پلاننگ ، محکمہ عمومی انتظامی، محکمہ قانون و انصاف کے کسی دوسرے محکمہ کے سیکریٹری کو ضرورت پڑنے پر میٹنگ میں مدعو کیا جائے گا۔اس سلسلے میں جاری ہونے والے حکمنامہ کے مطابق ’’صدارتی حکمنامہ نمبر3937بتاریخ 31 اکتوبر2019کے تحت حاصل شدہ اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے جموں وکشمیر یونین ٹیریٹری کیلئے انتظامی کونسل کو منظوری دی جاتی ہے جو لیفٹیننٹ گورنر (چیئرمین)اوران کے مشیروں(ممبران )پر مشتمل ہے‘‘۔محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دویدی نے ان معاملات کی وضاحت کی ہے جو انتظامی کونسل کے سامنے رکھے جائیں گے۔محکمہ عمومی انتظامی کے حکمنامہ میں بتایاگیاہے کہ انتظامی کونسل کے سامنے جو تجاویز لائی جائیں گی، ان میں قانون ساز اسمبلی کو طلب کرنا ،توثیق اور تحلیل شامل ہے،کسی بھی قرار داد یا بل کو قانون ساز اسمبلی میں پیش کرنے کیلئے تجاویز ، نیا ٹیکس لگانے یا طریقہ کار میں کسی تبدیلی یا کسی موجودہ ٹیکس یا زمین کی آمدنی کی زد میں آنے کی تجاویز جو مالی معاملات کو متاثر کرتی ہوں،کی مرکزی زیر انتظام علاقہ میں وزیر خزانہ کی رضامندی نہ ہو۔اسی طرح سے پبلک اکائونٹس کمیٹی کی مالی اعداد وشمار کے سالانہ آڈٹ کاجائزہ ، پالیسی یا عمل میں کسی اہم تبدیلی سے متعلق تجاویز اور کسی بھی عوامی دفتر کے قیام یا خاتمے کی تجاویز جس کے لئے زیادہ سے زیادہ معاوضہ 47600-151 10 روپے سے زیادہ ہے ،کو انتظامی کونسل کے ذریعہ حل کیاجائے گا۔محکمہ کے اقدام پر یا قانون ساز اسمبلی کے ذریعہ منظور کردہ قرارداد کے مطابق انکوائری کمیٹیوں کی تقرری اور اس طرح کی کمیٹیوں اور کونسلوں کے سامنے لیفٹیننٹ گورنر یا وزیراعلیٰ کے ذریعہ پیش کردہ تجاویز یا معاملات کی رپورٹس بھی انتظامی کونسل کے دائرے میں ہوں گی ۔اس مسودے میں بلوں اور قانون سازی کے لئے تجاویز بشمول آرڈیننس کے اجراء اور کونسل کی طرف سے پہلے کئے گئے فیصلے کو مختلف یا مسترد کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔کونسل کسی بھی وقت محکموں کو دوبارہ تشکیل دے سکتی ہے ، نئے محکمے تشکیل دے سکتی ہے ، ان محکموں کے مابین حکومت کے کاروبار کو دوبارہ تقسیم کرسکتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ کے کے شرما ، فاروق خان ، راجیو رائے بھٹناگر اور بصیر احمد خان لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مشیروں کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان تمام مشیروں نے جموں وکشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔