جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموںوکشمیر میں سمارٹ سٹی منصوبوں کی عمل آوری میں سرعت لانے پر زور دیا۔ لیفٹیننٹ گورنر اِنتظامی سیکریٹریوں، سمارٹ سٹی پروجیکٹ ماہرین اور دیگر متعلقین کی سول سیکریٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے ۔سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کی بروقت عمل آوری پر زور دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسروں کو پروجیکٹوں کو معین مدت کے اندر مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔انہوں نے کہا کہ جموںاور سری نگرشہروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اُنہیں پائیدا راور فعال معاشی مراکز بناناسمارٹ سٹی پروجیکٹوں کا مقصد ہے اور اسی مقصد کے تحت بنیادی ڈھانچے اور خدمات میں بہتری لانا ، نقل و حمل کو بہتر بنانااور انتظامی نظام کو مؤثر بنانے پر کام ہو رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچا کر ان سے نتائج کا حصول یقینی بنانے کے لئے ہرممکن کوشش لازمی ہے۔ جموں وکشمیر میں سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کے متعلقہ افسران سے کہا گیاکہ وہ سمارٹ سٹی احمد آباد ڈیولپمنٹ لمٹیڈکے افسران کے تجربہ سے سیکھنے کو مختلف سمارٹ سٹی اقدامات کے لئے عملائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے بین محکمہ جاتی تال میل کی ضرورت پر زور دیا اور افسروں کو سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کے مختلف پہلوئوں پر غور و خوض کرنے کے لئے کہا۔انہوںنے سمارٹ سٹی احمد آباد لمٹیڈکی جانب سے مکمل کئے گئے پروجیکٹوں کی تکمیل کے دوران اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی اور متعلقہ افسروں کو جموںوکشمیر میں سمارٹ شہری خدمات پر مبنی آئی ٹی اور دیگر پروجیکٹوں کی مؤثر عمل آوری سے متعلق ضروری ہدایات بھی دیں۔کمشنر احمد آباد میونسپل کارپوریشن ، سی ای او سمارٹ سٹی احمد آبادڈیولپمنٹ لمیٹیڈ، جنرل منیجر ٹیکنیکل ایس آر ایف ڈی سی ایل نے دوران میٹنگ سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کے مختلف پہلوئوں کی عمل آوری سے متعلق اپنی ماہرانہ رائے دی۔