سرینگر//فوج کے سینئرو تجربہ کار کمانڈر اورڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) لیفٹنٹ جنرل انیل کمار بھٹ کو سرینگر میں قائم فوج کی اہم ترین 15ویں کور کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ کور کے موجودہ جی او سی لیفٹنٹ جنرل جے ایس سندھو نئے ملٹری سیکریٹری ہونگے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ وزارت دفاع نے لیفٹنٹ جنرل انیل کمار بھٹ کو سرینگر میں قائم فوج کی15کور جسے” چنار کور“ بھی کہا جاتا ہے ، کا نیا جنرل آفیسر کمانڈنگ تعینات کرنے کو منظوری دے دی ہے۔لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ اِس وقت بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنزیعنیDGMOہیں اور وہ لیفٹنٹ جنرل جے ایس سندھو کی جگہ15ویں کور کے کمانڈر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔لیفٹنٹ جنرل سندھو نے یکم نومبر2016کو جی او سی15کور کا عہدہ سنبھالا تھا اور اب انہیں ملٹری سیکریٹری کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ ایک طویل عرصے کے بعد 15ویںکور کے سربراہ کا چارج سنبھالنے والے سینئر فوجی کمانڈر ہونگے۔انہوں نے گزشتہ برس نومبر کے مہینے میں فوج کے اہم ترین اور نازک آپریشنز کی نگرانی کرنے کےلئے ڈی جی ایم او کا عہدہ سنبھالا تھا اور اس دوران جموں کشمیر میں کنٹرول لائن اور ہند پاک بین الاقوامی سرحدوں پرشدیدگولی باری کی وجہ سے کشیدہ حالات کے پیش نظر وہ مسلسل اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ رابطے میں رہے۔دفاعی ذرائع نے کشمیر میڈیا نیٹ ورک کو بتایا کہ لیفٹنٹ جنرل بھٹ دفاعی اعتبار سے انتہائی اہمیت کی حامل فوج کی15ویں کور کے47ویں کمانڈر ہونگے۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ فوج کی3کور(دیما پور) کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹنٹ جنرل انیل چوہان جنوری فروری2018میں فوجی ہیڈکوارٹر پر نئے ڈی جی ایم او کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔اترا کھنڈ سے تعلق رکھنے والے لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ نے گورکھا رائفل کے ساتھ رہتے ہوئے فوج میں اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا اور اس دوران انہوں نے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بریگیڈئیر کی حیثیت سے بھی کام کیا۔آسام میں فوج کی21ڈویژن کی سربراہی کرنے کے بعد وہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اور ایڈوائزری بورڈ کے ساتھ بھی وابستہ رہے۔