سرینگر//تحریک مزاحمت،پیپلز لیگ اور حریت ( جے کے)نے لیتہ پورہ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے شیخ مصعب، ریاض احمد اور رفیق احمد کے ہمراہ نازنین پورہ ترال اور دربگام پلوامہ جاکر لواحقین کی تعزیت پرسی کی۔ایک بیان کے مطابق اس موقعہ پر بلال صدیقی نے جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کوخراج عقیدت پیش کرتے کرتے ہوئے کہا کہ’ یہی نوجوان ہماری تحریک کے اصل ہیرو ہیں جو اسلام اور آزادی کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے بل پر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبایا نہیں جاسکتا بلکہ دانشمندی کا تقاضا یہ ہے کہ بھارت کشمیری عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے۔پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے ترجمان حمید الٰہی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان نوجوانوں کی قربانیوں کی بدولت ہی تحریک ایک فیصلہ کن مرحلے پر کھڑی ہے اورمسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے نیک نیتی اور اخلاص کے ساتھ سامنے آنا چاہئے تاکہ جموں کشمیر سمیت پورے جنوبی ایشیا میں امن کا دور دورہ ہو۔ حریت کانفرنس( جے کے) کنوینر اور مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ، محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمداحسن اونتو، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی اور تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کی بدولت ہی آج مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک اہم مسئلے کی طرح دیکھا جارہا ہے ۔