مکہ مکرمہ/یو این آئی/ عرفہ کی نمرہ مسجد سے خطبہ حج پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ شریعت نے اور چیزوں سے بھی منع کیا ہے ، جو افواہیں پھیلائی جاتی ہیں، یہ ہو گیا وہ ہوگیا، اللہ کا حکم ہے ، اے مومنوں اگر تمہارے پاس کوئی ایسی خبر لے کر آئے جس میں شک ہو تو تحقیق کر لیا کرو۔ انہوں نے کہا ہے کہ کہیں افواہیں پھیلا کر اس کی وجہ سے مصیبت میں نہ ڈال دو اپنے مسلمان بھائیوں کو، اسی وجہ سے مومن بہت سے ذرائع کو جمع کرنے کا اہتمام کرتا ہے ، جس سے مسلمان جڑ کر رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ جو شخص اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت کرے گا وہ ہمیشہ ہمیشہ کی جنت میں داخل ہوگا اور یہی اصل کامیابی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کہ ہم اس بات کا اقرار کرتے ہیں اور گواہی دیتے ہیں کہ دنیا میں رب العالمین کے سوا کوئی معبود نہیں اور دنیا پوری ختم ہوجائے گی صرف اللہ رب العالمین کی ذات باقی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہر قسم کے چھوٹے بڑے گناہوں سے اجتناب کریں اور یہ عقیدہ رکھیں کہ اللہ کے سوا دنیا میں کوئی معبودِ برحق نہیں، ہمیں چاہیے کہ اصلاحی کاموں میں اللہ کی مخلوق کی معاونت کرنے میں مدد کرتے رہیں اور نماز قائم کریں، پانچوں نمازوں کی حفاظت کی جائے اور جو شخص رمضان المبارک کا مہینہ پالے اسے چاہیے کہ 30 روزے بڑے اہتمام کے ساتھ رکھے اور جو شخص صاحب استطاعت ہو اسے چاہیے کہ بیت اللہ میں حج کرے جو اس پر فرض کردیا گیا ہے ۔