عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے لورن علاقے میں شدید برف باری اور بارش کی وجہ سے آڑی گام علاقے میں پہاڑ کھسکنے کی وجہ سے ایک رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے مکان رہائش کے قابل نہیں رہا ہے۔لورن آڑی گام میں گزشتہ کل برف باری کی وجہ سے ایک پہاڑ کھسک گیا اور وہ غلام احمد نامی شخص کے رہائشی مکان پر آن پڑا جس کی وجہ سے اس رہائشی مکان کو کافی نقصان پہنچا اور اب یہ مکان قابل رہائش نہیں رہا ۔مکان مالک غلام احمد کے مطابق اتوارکو شام گئی پہاڑ سے ایک بڑا پتھر کھسک کر آیا جو سیدھا ان کے رہائشی مکان پر آ گر جس کی وجہ سے اگر چہ انہیں کسی بھی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا البتہ ان کے رہائشی مکان میں جگہ جگہ دراڑیں پڑیں اور وہ رہائش کے قابل نہ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہوںنے گاؤں کے متعلقہ نمبردار کو بھی بتایا اورانہوںنے از خود بھی ان کے رہائشی مکان کا معائنہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تحصیل دار منڈی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ از خود ان کے مکان کا معائنہ کریں تاکہ انہیں معاوضہ دیا جاے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کا مکان رہائش کے قابل نہیں ہے وہ اپنے اہل و عیال کے ساتھ ڈبہ علاقہ میں رہنے لگے ہیں۔ غلام احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے محنت مزدوری کر کے اس رہائشی مکان کی تعمیر کی تھی مگر پہاڑ گرنے کی وجہ سے اب وہ رہائش کے قابل نہیں رہا ان کا کہنا تھا کہ ان کے محلہ میں درجن سے زائد ایسے رہائشی مکانات ہیں جو پہاڑ کی زد میں ہیں اس لیے انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ ان کی دیکھ ریکھ کریں۔