عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بلاک لورن محلہ ہل جو کہ پچاس گھروں پر مشتمل محلہ ہے کہ لوگ گزشتہ دس روز سے بجلی سے محروم ہیں جس کی وجہ سے اس محلہ کے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محلہ کے لوگوں کے مطابق کچھ اثر رسوخ رکھنے والے لوگوں نے ان کے محلے کا ٹرانسفارمراپنے چار گھروں کیلئے لگایا اور باقی محلہ کی عوام گزشتہ دس روز سے اندھیر ے کا شکار ہیں ۔نور محمد اور محمد قاسم نامی افرادنے بتایاکہ ان کے علاقہ کے دو محلہ جات کے لئے کم پاور کا ٹرانسفارمر نوے کی دہائی میں لگایا گیا تھا جس کے بعد دونوں محلہ جات کی آبادی میں بھی اضافہ ہو گیا اور ایک ٹرانسفارمر دو محلہ جات کا لوڈ برداشت نہیں کر سکتا جس کی وجہ سے ان کے محلہ کی بجلی گزشتہ دس روز سے بند ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ کے سابقہ سرپنچ اور پنچوں نے اپنے گھروں کے لئے ٹرانسفار مر لگایا ہے جو کہ ان کے محلہ کے لئے محکمہ کی جانب سے مختص کیا گیا تھا مگر اس ٹرانسفارمر سے ان کے محلہ میں بجلی نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کے آفیسران سے گزارش ہے کہ وہ ان کے محلہ کا دورہ کریں تاکہ انہیں یہ معلوم ہو سکے کہ اس محلہ کے پچاس گھر کس طرح گزشتہ دس روز سے شام کے بعد اندھیرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہوں نے اپنے سیاسی نمائندوں سے بھی کہا مگر ان کی یقین دہانی کے سوائے انہیں ابھی تک بجلی میسر نہیں ہوئی ۔اس علاقہ کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے آعلی آفیسران اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ انہیں جلد بہتر بجلی فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں سرکار مفت بجلی مہیا کرنے کے دعوے کر رہی تھی وہاں انہیں کرایہ دے کر بھی بجلی نہیں ملتی اور انہیں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں الگ سے ٹرانسفارمر دیا جائے تاکہ انہیں بہتر بجلی فراہم ہو سکے۔