جاوید اقبال
مینڈھر// ہائر سکینڈری سکول بھاٹہ دھوڈیاں کے طلباء نے محکمہ دیہی ترقی کے اعلیٰ حکام کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لنک روڈ کی تعمیر میں ناقص مٹریل کے استعمال پر شدید احتجاج کیا ہے۔ یہ لنک روڈ نیشنل ہائی وے جموں پونچھ سے سکول اور ہسپتال کو جوڑتی ہے، جہاں سنگل پائپ ڈال کر اس پر مٹی ڈال دی گئی ہے، حالانکہ قانونی طور پر دو پائپ ایک ساتھ ڈالنے کی ضرورت ہوتی ہے۔طلباء نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ جونیئر انجینئر اور ٹھیکیدار ملی بھگت سے سرکاری فنڈز کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق، ناقص تعمیراتی میٹریل استعمال کر کے ٹھیکیدار کام ادھورا چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش میں ہے، جس سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔سٹوڈنٹ یونین نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر سڑک کے ناقص کام کا جائزہ لیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں، تاکہ سرکاری پیسہ ضائع ہونے سے بچ سکے۔