پٹنہ//بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے سلسلے میں پیر، 3 نومبر کو مکامہ اسمبلی حلقے میں ہوئے جے ڈی یو کے روڈ شو پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگا ہے۔ اس معاملے میں پٹنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق روڈ شو کے دوران انتخابی مہم میں مقررہ ضابطے کی خلاف ورزی کی گئی اور اجازت سے زیادہ گاڑیوں کا استعمال ہوا۔ پٹنہ پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔مکامہ میں پیر کے روز جے ڈی یو کے امیدوار اننت سنگھ کے حق میں مرکزی وزیر للن سنگھ اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے روڈ شو کیا۔ انتخابی ضابطے کے مطابق صرف 10 گاڑیوں کی اجازت تھی، مگر پولیس کو اطلاع ملی کہ قافلے میں مقررہ تعداد سے کہیں زیادہ گاڑیاں شامل تھیں۔پولیس نے موقِع پر پہنچ کر متعدد گاڑیوں کو روکا اور تفتیش کی۔ اجازت کے مطابق جن گاڑیوں کے کاغذات درست پائے گئے، انہیں جانے دیا گیا، جب کہ زائد گاڑیوں کے استعمال کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا۔