یو این آئی
لیہہ//لداخ کے نمائندے وزارتِ داخلہ کی ذیلی کمیٹی کے ساتھ کل یعنی 22 اکتوبر کو نئی دہلی میں ایک اہم اجلاس میں شامل ہوں گے ، جس میں ریاستی درجہ اور آئین ہند کے چھٹے شیڈول کے تحت لداخ کے لیے خصوصی تحفظات فراہم کرنے پر گفت وشنید ہوگی۔ لہیہ اپیکس باڈی کے شریک چیئرمین شیرنگ دورجے نے اتوار کو میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں وزارتِ داخلہ کی جانب سے اطلاع ملی ہے کہ ذیلی کمیٹی کی میٹنگ 22 اکتوبر کو منعقد ہونے جا رہی ہے ، جس میں لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس دونوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔میٹنگ میں لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے تین تین نمائندے ، ساتھ ہی لداخ کے رکن پارلیمان محمد حنیفہ جان بھی شریک ہوں گے ۔ قابل ذکر ہے کہ 24 ستمبر کو لیہہ میں اس وقت پرتشدد احتجاج بھڑک اٹھا تھا جب اپیکس باڈی نے مرکز کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کے لیے بند کی کال دی تھی۔ مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے ، جب کہ 50 سے زائد افراد کو ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو قومی سلامتی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا۔