ٹی ای این
سرینگر//لداخ کی باغبانی صنعت کے لیے ایک اہم سنگِ میل کے طور پر 14جولائی کو پہلی مرتبہ تازہ خوبانی کی برآمدی کھیپ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ کی جائے گی۔ یہ اقدام ایک ہزار میٹرک ٹن تازہ خوبانی برآمدی منصوبے کے تحت ’’لولو گروپ‘‘ کے اشتراک سے عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کا مقصد لداخ کی اعلیٰ معیار کی خوبانی کو دبئی سمیت بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانا ہے۔اس منصوبے کی تیاریوں کا جائزہ جمعرات کو چیف سیکریٹری آشیش کندرا نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا۔ اجلاس میں محکمہ زراعت و باغبانی کے سیکریٹری بھپیش چودھری نے خریداری، پیداوار، کسانوں کی شمولیت، نقل و حمل، کولڈ چین انفراسٹرکچر اور برآمدی عمل سے متعلق تفصیلی منصوبہ پیش کیا۔
اجلاس میں لیہ اور کرگل کے مختلف پیداواری علاقوں سے خوبانی کی خریداری، درجہ بندی (گریڈنگ)، چھانٹی (سورٹنگ)، پیکنگ، سری نگر اور دہلی تک نقل و حمل اور بروقت برآمد کو یقینی بنانے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔حکام نے بتایا کہ 14 جولائی کو دہلی سے ایک خصوصی کارگو طیارہ پہلی برآمدی کھیپ لے کر متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت دی کہ تمام متعلقہ ادارے اس بات کو یقینی بنائیں کہ مقررہ وقت کے اندر خوبانی دہلی پہنچ جائے تاکہ برآمدی شیڈول متاثر نہ ہو۔آشیش کندرا نے برآمدی معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے گریڈنگ، سورٹنگ، معیار کی جانچ اور فصل کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم سے کم رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سائنسی طریقہ کار اپنانے اور بین الاقوامی معیار کی مکمل پابندی پر بھی زور دیا۔انہوں نے کسانوں اور ایگریگیٹرز کو بروقت ادائیگی، خریداری کے عمل، سرٹیفکیشن اور مالیاتی امور میں مکمل شفافیت برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی۔اجلاس میں سرچھو اور زنسکار جیسے دور دراز علاقوں سے خوبانی کی ترسیل کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔