راجوری //ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں حد متارکہ پر لام علاقہ میں بارودی سرنگ کے دو الگ الگ دھماکوں میں ایک لیفٹنٹ کرنل اور ایک حوالدار زخمی ہو گئے۔ ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پہلا دھماکہ لام علاقہ میں اس وقت ہوا جب ایک گشتی پارٹی کنٹرول لائن کے قریب سے گزر رہی تھی۔گشت پر مامور لیفٹنٹ کرنل کا پائوں اچانک ایک زیر زمین سرنگ پر جا پڑا جس کے نتیجہ میں دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا اور فوجی افسر زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر آرمی میڈیکل سنٹر منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ اس دوران علاقہ میں بارودی سرنگ کے ایک دوسرے دھماکہ میں ایک فوجی حوالدار زخمی ہو گیا ، اسے بھی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ دونوں واقعات حادثاتی طور پر رونما ہوئے جب دراندازی پر قابو پانے کے لئے فوج کی طرف سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں پر ان فوجی افسران کے اچانک جا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں زخمی اہلکاروں کا تعلق ایک ہی یونٹ سے ہے ۔