سرینگر//ریاست کی پہلی سمی آٹو میٹک کثیر منزلہ پارکنگ سہولیت جس کا حال ہی میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے افتتاح کیا ،سے سرینگر کے معروف ترین کاروباری علاقے لالچوک میں ٹریفک کے دبائو میں کافی حد تک مدد مل رہی ہے۔ 27.15 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی پانچ سطحوں والی اس کارپارکنگ میں 288ہلکی گاڑیوں کو پارک کرنے کی جگہ ہے۔پانچ سطحی اس پارکنگ سہولیت کی ہر سطح میں 72چھوٹی گاڑیوں کو پارک کرنے کی گنجائش ہے اوریہ 1545 مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہے جس میں تین منزلہ کمرشل کمپلیکسوں کے علاوہ دفاتر کے لئے جگہ اور ٹائیلٹ کی سہولیت بھی دستیاب ہے۔لالچوک کی اس جدید پارکنگ سہولیت میں گاڑیاں مولانا آزاد روڈ سے داخل ہوکر ایکسچنج روڈ سے باہر نکل جاتی ہیں جس سے گاڑیوں کے مالکان کو کارپارکنگ میں کافی آسانی ہوتی ہے۔کار مالکان اپنی گاڑیوں کو پارکنگ کے لئے آٹومیٹڈ پیلٹ پر کھڑا کرتے ہیں۔جس کے بعد یہ گاڑی ایک خود کار نظام کے ذریعے دستیاب خالی پارکنگ جگہ پر پہنچ جاتی ہے اس طرح یہ گاڑی پارکنگ سے واپس آٹو میٹیڈ پیلٹ پر کھڑا ہوجاتی ہے اور گاڑی کے مالک اس میں سوار ہوکر منزل مقصود کی طرف روانہ ہوسکتا ہے ۔یہ پورا عمل 2سے2.5منٹوں میں مکمل ہوجاتا ہے۔جدید طرز کی اس کارپارکنگ سہولیت سے شہر سرینگر کے وسط اوراس کے گردونواح میں ٹریفک دبائو میں کمی واقع ہونے لگی ہے جو کہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے ۔ایس ڈی اے ذرائع کے مطابق کار مالکان کو اس پارکنگ سہولیت کے استعمال کے لئے عید الفطر تک ادائیگی میں 50فیصد رعایت دی جارہی ہے۔کار مالکان کو یہاں گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے پہلے ایک گھنٹے تک 20روپے ادا کرناہوتے ہیں جس کے بعد ہر ایک گھنٹے کے لئے اضافی 10روپے کی ادائیگی لازمی ہے لیکن فی الوقت پارکنگ کے لئے 50فیصد رعایت جاری ہے۔سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق پارکنگ کے لئے ماہانہ بنیادوں پر بھی ادائیگی کا طریقہ کار زیرغور ہے،تاہم اس سلسلے میں تشکیل دی گئی بولی کمیٹی کو اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہے۔ماہ رمضان کے دوران یہاں صبح9بجے سے رات 9بجے تک گاڑیوں کو پارک کیاجاسکتا ہے البتہ عید کی تقریب کے بعد یہ سہولیت صبح7بجے سے رات11بجے تک دستیاب رہے گی۔