سرینگر //سرینگر کے تجارتی مرکز لال چوک میں جمعرات کو اسوقت دکانداروں نے ٹریفک کی نقل و حرکت کو مسدود کردیا جب وہ لال چوک لاٹری فروشوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ لال چوک میں کئی دکانداروں نے الزام لگایا کہ سرینگر کے تجارتی مرکز میں لاٹری فروخت کرنے کے نام کر لاکھوں روپے کا جوا کھیلاجاتا ہے جس نے کئی افراد کے گھر پھونکے ہیں۔ لال چوک میں کام کرنے والے ایک دکاندار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ لاٹری فروش نوجوان نسل کو جوے کی لت لگا رہے ہیں جسکے چلتے کئی نوجوانوں نے چوری اور دیگر برے کاموں کا راستہ اختیار کیا ہے۔ دکانداروں نے بتایا کہ لال چوک کے دکانداروں نے لال چوک میں لاٹری فروشوں کو بیٹھنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اسلئے پولیس کو بھی اس حوالے مطلع کیا گیا ہے۔ دکانداروں نے بتایا کہ لاٹری نام کے جوے کو ختم کرنے کیلئے جمعہ کو لال چوک میں تمام دکانداروں کی ایک میٹنگ منعقد ہوگی جس میں لاٹری فروشوں کے خلاف اٹھائے جاننے والے اقدامات کا فیصلہ لیا جائے گا۔