عظمیٰ نیوز روس
سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے بانی اور جیل میں بند رکن پارلیمنٹ بارہمولہ انجینئر رشید نے تہاڑ جیل حکام کو باضابطہ طور پر جیل نمبر 1 کے اندر 12 نومبر (بدھ) سے دو روزہ بھوک ہڑتال شروع کرنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔پارٹی ترجمان انعام النبی نے ڈی جی جیل خانہ جات، نئی دہلی کو انجینئر رشیدکی طرف سے لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ انجینئر رشیدنے دہلی دھماکے کی مذمت کی ہے اور اسے انسانیت پر حملہ قرار دیا ہے۔انعام النبی نے خط سے مزید حوالہ دیاکہ انجینئر رشید نے میڈیا رپورٹس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ یہاں تک کہ ڈاکٹروں سمیت تعلیم یافتہ کشمیریوں کو بھی تشدد کے راستے پر دھکیلا جا رہا ہے۔ اپنی بھوک ہڑتال کے ذریعے وہ کشمیریوں کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ ہم مزید نوجوان اور پڑھے لکھے لوگوں کو کھونے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔خط میں نقل کیے گئے گاندھیائی پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے انعام النبی نے مزید کہا، “انہوں نے گاندھی کے الفاظ یاد کیے، ‘اگر میں تشدد کی حمایت کرنے یا بزدل کہلانے میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا چاہتا ہوں، تو میں بزدل کہلانا چاہوں گا۔’ یہ امن کے لیے ان کے عزم کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔”