بلال فرقانی
سرینگر//محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کی انفورسمنٹ ونگ نے گزشتہ 9روز میں سرینگر میں قصابوں کی82 دکانات کو سیل کیا۔محکمہ کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پہلے ہفتے میںچیکنگ کے دوران ریٹ لسٹ کوبالائے طاق رکھنے اور دیگرخلاف ورزیوں کے مرتکب269دکانداروں سے 80ہزار 700روپے بطور جرمانہ وصول کیاگیا۔ محکمہ شہری رسدات کی انفورسمنٹ ونگوںنے رواں ماہ کشمیر کے سبھی10اضلاع میں88ہزار 700 ہزار روپے کی رقم بطور جرمانے کے وصول کی۔قصابوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائی کرتے ہوئے84قصابوں کی دکانات کو سربمہر کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق احمدوانی نے کہاکہ محکمہ فوڈ،سول سپلائز اورامورصارفین کشمیر کی انفورسمنٹ ونگوں کی جانب سے قیمتوں کواعتدال پررکھنے کی مہم صرف عوامی حمایت کیساتھ ہی کامیاب ہوسکتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری چیکنگ کادائرہ صرف قصابوںیادکانداروں تک ہی محدود نہیں بلکہ ہم ریڑھیوں پر سبزیاں ،میوہ جات اور دوسراکھانے پینے کاسامان فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لا رہے ہیں۔مشتاق احمدوانی کاکہناتھاکہ رواں سال ابتک کل313کاروباری اداروں اورمراکز کی چیکنگ عمل میں لائی گئی اوراس دوران 53ریڑے ضبط کئے گئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر مشتاق احمدوانی نے کہاکہ معیاری اشیائے خوردنی کے کاروبار کویقینی بنانے اور قیمتوںکواعتدال پررکھنے کیلئے پوری کشمیروادی میں چیکنگ کاعمل روزکامعمول بنادیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورامورصارفین کشمیر کی جانب سے وقتاًفوقتاًاشیائے خوردنی بالخصوص سبزیوں وغیرہ کی تازہ ریٹ لسٹ اجراء کی جاتی ہے ،اور ہم صارفین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی قسم کی اشیائے خوردنی کاکاروبار کرنے والے دکانداروں کیساتھ ساتھ قصابوں کواضافی قیمت نہ دیں۔انہوںنے کہاکہ گراں بازاری اور ناجائز منافع خوری پر عوامی تعاون کے ساتھ ہی قابو پایاجاسکتا ہے۔