قیادت کو بدنام کرنے کی سازش ناکام ہوگی:حریت(ع)

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر// حریت (ع) کے ترجمان نے کہا ہے کہ کشمیری نوجوان سرکاری فورسز اور حکمرانوں کے ظلم و جبر کی وجہ سے عسکریت کی طرف دھکیلے جا رہے ہیںاور اپنے سیاسی حقوق کے حصول کیلئے قربان ہو رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ محض طاقت کے بل پر کشمیریوں کی مبنی برحق جدوجہد کو خاموش نہیں کیا جا سکتا اور اس خطے میں حقیقی معنوں میں امن و استحکام تب تک ناممکن ہے جب تک کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔ ترجمان  نے حکومت ہندوستان کی جانب سے کشمیری عوام پر ہر طرف سے دبائو ڈا ل کر انکو پشت بہ دیوار کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کو آئے روز تختہ مشق بنایا جا رہا ہے انکو جھوٹے اور بے بنیاد کیسوں میں ملوث کر کے گرفتار کیا جا تا ہے اور جیلوں میں مقید کیا جاتا ہے جہاں انکو مہینوں اور سالوں تک رکھا جاتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیر سے باہر بھارت کی مختلف ریاستوں کی جیلوں میں مقید کشمیری سیاسی قیدیوں کو ان جیلوں میں سخت ترین حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور مشکل موسمی حالات کی وجہ سے انکی صحت پر بہت مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ترجمان نے حکومت ہندوستان کی جانب سے NIAکے ذریعے کشمیریوں کی ہراسان کرنے اور میڈیا چینلوں کے ذریعے ہندوستان رائے عامہ میں انکو بدنام کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں بزرگ مزاحمتی رہنما سید علی گیلانی کے فرزندوں ڈاکٹر نعیم گیلانی اور ڈاکٹر نسیم گیلانی کوNIA کے ذریعہ دہلی طلب کرکے پوچھ گچھ کے نام پر ان کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مزاحمتی قیادت کی افراد خانہ کو NIAکی طرف سے نوٹس بھیج کر ہراساں کرنا حکومت کا بدترین حربہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حریت چیرمین میرواعظ کی حفاظت پر مامور رہ چکے پولیس آفیسر فہیم علی جیسے دیانتدار اور فرض شناس پولیس افسرکو جو محکمے کی طرف سے سونپی گئی ڈیوٹی فرض شناسی کے ساتھ انجام دیتا تھا کو نشانہ بنا کر اسکو کسی بے بنیاد کیس میں پھنسانے کی کوشش مزاحمتی قیادت کو بدنام کرنے کی بے قراری کا صاف پتہ دیتی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہ ا سکے لئے حکومت کس حد تک گر سکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مزاحمتی قیادت کو جھوٹ کا سہارا لے کر بدنام کرنے اور ان کے ساتھیوں کو ہراساں کرنے سے حکمرانوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ 
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *