عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے کارکنوں نے منگل کو یہاں پریس کالونی میں جمع ہوکر احتجاج درج کیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ سری نگر – جموں قومی شاہراہ کو فوری طور پر دو طرفہ ٹریفک کے لئے بحال کیا جائے تاکہ کشمیر کی صنعت کو نقصان ہونے سے بچایا جائے ۔ احتجاجی ‘سیب بچائو، کشمیر بچائو’ کے نعرے لگا رہے تھے ۔ انہوں نے سڑک پر آنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ان کو ایسا کرنے سے باز رکھا۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی شیخ خورشید نے میڈیا کو بتایا کہ ‘ہم یہ احتجاج اس کے لئے کر رہے ہیں کہ قومی شاہراہ کو بحال کرنے کے لئے حکومت کوئی اقدام نہیں کر رہی ہے ‘۔ انہوں نے کہا کہ میوہ کو باہر لے جانے کے لئے پارسل ٹرین شروع کی گئی ہے لیکن وہ کافی نہیں ہے ۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ سیب صنعت پر لاکھوں لوگوں کی روزی روٹی منحصر ہے لہذا اس کو نقصان سے بچانے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکومت سے قومی شاہراہ پر ٹریفک مکمل طور پر بحال کرنے کی اپیل کی۔