محمد تسکین
بانہال// ہفتے کی صبح سے ہی جموں سرینگر قومی شاہراہ ٹریفک کے قابل ہے اور جمعہ کے وقفے کے بعد ہفتے کی صبح امرناتھ یاترا کے دونوں قافلوں کو جموں اور وادی کشمیر سے چلنے کی اجازت تھی۔ ہفتے کی صبح بھگوتی نگر جموں کے بیس کیمپ سے روانہ کی گئی شری امرناتھ یاترا کے پہلگام اور بالہ تل کے قافلوں میں کل ملاکر 915 یاتری شامل تھے اور وہ 33 گاڑیوں میں سوار تھے۔ ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ یاترا کے دونوں قافلوں کو بانہال۔ قاضی گنڈ ٹنل کے آر پار بھیجنے کے بعد قاضی گنڈ سے مسافر ٹریفک کو دن کے ساڑھے گیارہ بجے سے دو بجے تک جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ مسافر گاڑیوں کو نکالنے کے بعد ادہمپور کے جکھینی سے مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو وادی کشمیر کی طرف بحال کیا گیا اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ بٹوت کے ڈھلواس اور رام بن کے کیفٹیریا موڑ اور مہاڑ کے مقام سڑک مسلسل یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور ان مقامات پر ٹریفک کی نقل و حرکت سست روی کا شکار رہتی ہے۔