ایم ایم پرویز+سمت بھارگو
رام بن+جموں//جموں سری نگر قومی شاہراہ پر چندر کوٹ کے دلواس علاقے میں پیر کی صبح اسکوٹر کو کسی نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک اسکوٹر سوار کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ دلواس علاقے میں ایک اسکوٹر جس کا رجسٹریشن نمبر JK19A-4136 تھا، کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اسکوٹی سوار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن چندر کوٹ سے پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور متوفی کی لاش کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا۔بعد ازاں پولیس نے متوفی کی شناخت خادم حسین (38) ولد غلام حسین گوجرسکنہ چملواس، تحصیل بانہال کے نام سے کی۔ذرائع نے بتایا کہ متوفی پیشہ سے ایک سرکاری ٹیچر تھا اور جموں سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول، کھڑی بانہال میں اپنی ڈیوٹی پر جانے کیلئے واپس آرہا تھا۔ایس ایچ او تھانہ چندر کوٹ جے ایس رکوال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متوفی کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک ہٹ اینڈ رن کیس تھا تاہم انہوں نے کہا کہ کیس کی تحقیقات جاری ہے۔ادھرجموں اکھنور راجوری قومی شاہراہ پرایک کینٹر گاڑی کے ایک حادثے میں کم زاز کم 30افراد زخمی ہو گئے جن کو بعد میں علاقہ معالجہ کیلئے مقامی ہسپتال اور کچھ کو میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ پیر کی صبح اس وقت پیش آیا جب ایک گاؤں سے جموں جانے والی ایک کنٹر بس زیر نمبر JK02W 7601اکھنور پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار کے کھوگا موڑ پرالٹ کر حادثے کا شکار ہو گئی۔گاڑی میں سوار تیس مسافر زخمی ہوگئے جنہیں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال اکھنور منتقل کیا گیا جہاں سے اٹھارہ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔جن زخمیوں کو جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا ہے ان میں سنیل شرما (23) ولد دوارکا ناتھ، روپانشی شرما (16) دختردرشن کمار، نیک رام (50) ولد درگا داس، کنج لال (70) ولد دیوی دتہ ،لیلا دیوی (48)زوجہ سباش چندر ،کھیم راج (60)میناکشی دیوی،وکی شرما (39) ولد کرم چند،میلا رام (44) ولد سنسار چند، اپلکش شرما (17) ولد موتی لال،برج لال (60) ولدپریم چند ،کنچن شرما (25)دختر سباش وغیرہ شامل ہیں ۔