دہلی سرینگر اور سرینگر جموںسفر اب سستا :آر ٹی سی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//قومی شاہراہ پر موجودہ سست روی اور مسافروں کی تعداد میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے اہم روٹس پر کرایوں میں 20فیصد خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رعایت 21نومبر 2025سے 20جنوری 2026تک نافذ رہے گی۔حکم نامے کے مطابق دہلی سے سرینگر تک چلنے والی وولوو بس سروس کا موجودہ کرایہ 2697روپے ہے، جسے رعایت کے بعد کم کرکے 2158روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح جموں سے سرینگر تک چلنے والی ایس ایم ایل 19سیٹر بس کا کرایہ 828 روپے کے بجائے اب 662روپے ہوگا۔ جبکہ 34سیٹر ڈیلکس بس کا کرایہ 550روپے سے گھٹا کر 440روپے مقرر کیا گیا ہے۔جے کے آر ٹی سی حکام کے مطابق اس رعایتی کرایہ پالیسی کا مقصد موسم سرما میں مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور بس سروسز کی جانب رجحان بڑھانا ہے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سردیوں کے مہینوں میں سیاحتی آمدورفت کے کم ہونے کے باعث اکثر مسافروں کی تعداد گھٹ جاتی ہے، جس کا براہِ راست اثر ٹرانسپورٹ سیکٹر پر پڑتا ہے۔ رعایت کا مقصد نہ صرف مسافروں کو سہولت دینا ہے بلکہ ٹریفک کو عوامی ٹرانسپورٹ کی طرف راغب کرنا بھی ہے تاکہ نجی گاڑیوں کا دبائوکم ہو اور سفر مزید محفوظ و آرام دہ بن سکے۔حکم نامے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی وجہ سے آنے والے دنوں میں مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے تو متعلقہ رعایت کو واپس لینے کا اختیار حکام کے پاس موجود رہے گا۔یہ فیصلہ مینیجنگ ڈائریکٹر جے کے آر ٹی سی کی منظوری سے لیا گیا ہے، اور حکم کی نقول متعلقہ افسران اور یونٹس کو ارسال کی گئی ہیں تاکہ نئی کرایہ پالیسی پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔