عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں کے نگروٹہ علاقے میں اتوار کی اولین ساعتوں کے دوران جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ایک ٹرک سے کار کی ٹکر کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایاکہ حادثہ نگروٹہ کے جگتی کرلی علاقے میں صبح تقریباً 2.15 بجے پیش آیا، جس سے کار کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔حکام نے بتایا کہ کار میں سوار دو افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ ایک دوسرے نے جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔مرنے والوں کی شناخت سکندر سیفی، شکتی اور موہت ورما کے طور پر ہوئی ہے، سبھی ہریانہ کے رہنے والے ہیں۔ گاڑی میں سوار دو دیگر افراد، جن کی شناخت دیپک ورما اور کلدیپ شرما کے نام سے ہوئی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے جگتی نگروٹہ کے قریب پیش آئے المناک سڑک حادثے پر گہرے دکھ کا اِظہار کیا ۔انہوں نے تعزیتی پیغام میں کہا،”جگتی نگروٹہ کے قریب پیش آئے المناک سڑک حادثے میں قیمتی اِنسانی جانوں کے ضیاع کی خبر سن کر اِنتہائی دکھ ہوا۔ میں سوگوارکنبوں کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اِظہار کرتا ہوں ۔” وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سڑک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ایک تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی روح کے لیے ابدی سکون کے لیے دعا کی۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کی۔