محمد تسکین
بانہال// جمعرات کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کا ٹریفک بحال کیا گیا اور بدھ سے درماندہ ٹریفک کے علاوہ تازہ ٹریفک کو بھی چلنے کی اجازت دی گئی۔بدھ کے روز دن بھر بند رہنے کے بعد شاہراہ کو قریباً18گھنٹوں کے بعد بدھ کی رات قریب ساڑھے آٹھ بجے دوبارہ بحال کیا گیا تھا۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ماروگ کے مقام شاہراہ کو بدھ کی رات دوطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا تھا اور جمعرات کی صبح سے امرناتھ یاترا کے بعد مسافر گاڑیوں کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف اور وادی کشمیر سے جموں کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں کو نکالنے کے بعد ادہم پور سے مال بردار ٹرکوں کو بھی وادی کشمیر کی طرف بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات شام تک شاہراہ پر معمول کا ٹریفک بغیر کسی خلل کے جاری تھا۔