سرینگر// حریت(ع) چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے پدگام پورہ اونتی پورہ میں فورسز کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران جان بحق ہوئے دو عسکریت پسندوں شہباز شفیع وانی ولد محمد شفیع وانی ساکن بیلو در گنڈ پلوامہ اور فاروق احمد ہرہ ساکن نازنین پورہ شوپیاں کو انکی قربانی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ مبنی برحق جدوجہد میں کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کو ناقابل فراموش ہیںاور ظلم و جبر کے ہتھکنڈوں سے اس قوم کی جائز آواز کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جاسکتا اور نہ بے پناہ فوجی جماﺅ اور کالے قوانین کے بل پر کشمیری عوام کو حصول حق خودارادیت کی جدوجہد سے دستبردار کیا جاسکتا ہے ۔ میرواعظ نے ریاستی حکمرانوںکے انتخابی ڈرامے میں رنگ بھرنے کیلئے سرینگر اور وادی کے شمال و جنوب میں بڑے پیمانے پر نوجوانوں اور طالب علموں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گھر گھر چھاپوں اور نوجوانوںکی پکڑ دھکڑ سے پوری وادی میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے اور جمہوریت کے نام پر کھلی آمریت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔۔دریں اثنا حریت ترجمان نے میرواعظ عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی اور ان کی پُر امن سرگرمیوں پر عائد پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکمرانوں کے اس طرح کے اقدامات سے ان کی اظہار رائے کی آزادی اور جمہوریت کے دعوے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں ۔ترجمان نے مزاحمتی رہنماﺅں سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک، مختار احمد وازہ، ایڈوکیٹ شاہد الاسلام اور دوسرے متعدد مزاحمتی قائدین اور کارکنوں کی تھانہ و خانہ نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی قائدین کو گھروں اور تھانوں میں مقید کرکے ان کے جمہوری حقوق کو سلب کیا جارہا ہے اور ان کی سیاسی مکانیت کو مسدود کرنے کیلئے ہر غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں ۔