نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے گوردوارہ سنت میلا سنگھ دستکاری آشرم ڈیگیانہ جموں میں ’’ ویر بال دیوس‘‘ کے موقعہ پر سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کی طرف سے منعقد ’ شبد کیرتن ‘ میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج کے ہر طبقے کے لوگوں کو معاشرے کو تبدیل کرنے اور سماجی اقدار کو فروغ دینے میں ہمارے گورو کی تعلیمات کے بارے میں بتایا جانا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ ’ ویربال دیوس ‘ ہم سب کو ملک کے اِتحاد اور سا لمیت کو برقرار رکھنے اور اَمن اور ہم آہنگی سے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کی ترغیب دے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’صاحبزادوں کی مثالی ہمت او رقربانی ، گوروگوبند سنگھ جی کی زندگی اور تعلیمات آنے والے ہر دور میں اِنسانیت کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔لوگوں کو زندگی کے تنگ نظر ی سے اوپر اُٹھ کر اِنسانیت پسندی کے راستے پر چلنا چاہیے۔‘‘اُنہوں نے قوم کی تعمیر ، ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کے قیام میں سکھ برادری کے اہم کردار کو بھی اُجاگرکیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ گوروں کا نظرئیے ہمیشہ ہمیں مزید بلندیوں کو حاصل کرنے کے لئے کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے سکھ برادری کے مطالبات اور ضروریات پر اِنتہائی حساسیت کے ساتھ مناسب کارروائی کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے اعلان کیا کہ سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی کی درخواست پر بابا بندہ سنگھ جی بہادر کا مجسمہ جموں کے بھگوتی نگر علاقے میں نصب کیا جائے گا ۔ پونچھ کے ننگلی صاحب کورودوارہ کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ اور محکمہ سیاحت کو پونچھ میں سکھ ورثے کے مذہبی مقامات کو منصوبہ بندی کے ساتھ فروغ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم پنجابی زبان کے فروغ کے لئے پوری طرح پُر عزم ہیں ۔ حکومت نے اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لنگویجز کو ہدایت دی ہے کہ وہ سکھ گوروں کی لازوال تعلیمات کو عام کریں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ نے پہلے ہی جموں یونیورسٹی میں گورونانک دیو جی چیئر قائم کی ہے اور سکولی تعلیم میں پنجابی زبان کو فروغ دیا ہے۔سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی ایس اجیت سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں یوٹی اِنتظامیہ کا سکھ برادری کے مختلف مسائل کا نوٹس لینے اور ان کے حل کی طرف تیزی سے آگے بڑھنے پر شکریہ اَدا کیا۔