عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے کل سرینگر کے قمر واری میں ڈاکٹر اگروالز آئی ہسپتال کے نئے مرکز کا افتتاح کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے ہسپتال اور طبی برادری سے اپیل کی کہ وہ سب کیلئے قابل رسائی اور سستی صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں اور ماہرین کو جموں و کشمیر کے دیہی اور دور دراز علاقوں کے مریضوں سے جوڑیں ۔ انہوں نے کہا ’’ پچھلے ایک دہائی کے دوران جدید ٹیکنالوجیز نے آنکھوں کی دیکھ بھال کے شعبے کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا ہے اور آج یہ تیز اور زیادہ درست تشخیص کے ساتھ عین مطابق علاج پیش کر رہی ہیں ۔ نئی ٹیکنالوجیز نے صحت کے شعبے میں دیکھ بھال تک رسائی کو بڑھایا ہے اور ذاتی نوعیت کا علاج فراہم کیا ہے ۔اے آئی سے چلنے والے نظاموں نے ڈاکٹروں کو بیماری اور آنکھوں کے مسائل کے ابتدائی آثار کا پتہ لگانے کے قابل بنایا ہے ۔ ڈاکٹراگروالز آئی سینٹر اور دیگر ہسپتالوں کو چاہئیے کہ وہ نئی ٹیکنالوجیز کا فائدہ اٹھائیں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو وہی علاج فراہم کریں جو دہلی ، ممبئی اور چنئی جیسے شہروں کو دستیاب ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے صحت کے شعبے میں گذشتہ چند سالوں کے دوران ہونے والی تاریخی تبدیلی پر بھی بات کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے ڈاکٹر اگروال آئی سینٹر اور دیگر ہسپتالوں پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر کے مختلف علاقوں ، خاص طور پر دیہی اور سرحدی علاقوں میں مفت آنکھوں کے چیک اپ کیمپ منعقد کریں اور بے لوث خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک رسائی کیلئے وقتاً فوقتاً ٹیلی میڈیسن ، ورچوئل مشاورت اور ڈیجٹیل معائنہ کے ذریعے خدمات فراہم کی جانی چاہئیں ۔