سرینگر//بورڑ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے حال ہی میں لئے گئے بارہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا گیاہے۔ وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے امتحانات میں کامیاب امیدواروںکو مبارک باد اور متعلقہ اساتذہ کی سراہنا کی ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ بورڑ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے صرف ایک مہینے کے وقفے کے بعد نتائج ظاہر کرنا قابل سراہنا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مختلف شعبوںاور اعلیٰ افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہاہے کہ نتائج کا قلیل مدت میں منظر عام پر آنا اور بچوں کی طرف سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنا محکمے کی مجموعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ اسی دوران سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے کامیاب طالب علموں کو مبارک باد دیتے ہوئے متعلقہ اساتذہ اور سکول سربراہان کی سراہنا کی ہے۔ ان نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیکریٹری تعلیم نے کہا ہے کہ بہتر تعلیم تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے جہاں کامیاب اُمیدواروں اور متعلقہ اساتذہ کی سراہنا کی ہے، وہیں انہوں نے کہا ہے کہ ان نتائج میں نا تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کے خلاف ضابطے کے تحت کاروائی کی جائیگی۔ وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری، سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ اور ناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این اِتو نے گورنمنٹ گرلز ہائرسیکنڈری سکول بارہمولہ کی طالبہ دُردانہ مسعودی کو آرٹس سٹریم میں پہلی پوزیشن اور گرلز ہائر سیکنڈری سکو ل کوٹھی باغ کی طالبہ اقراء رشید کو ہوم سائنس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور علم کے نور سے بچوں کا مستقبل تابناک بنانے کے لئے سرکار اور محکمہ کی طرف سے کوششیں جاری ہیں۔ یاد رہے اس سال بارہویں جماعت کے امتحان میں 55163 بچوں نے شرکت کی تھی جن میں لڑکوں کی تعداد 29331اور لڑکیوں کی تعداد25832تھی۔ امتحان میں کامیاب لڑکوں کی شرح 59فیصد ، کامیاب لڑکیوں کی شرح64فیصد جبکہ امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طالب علموں مجموعی شرح61 فی صد رہی۔