سرینگر//آونیورہ شوپیاںمیں جاں بحق ہوئے 3جنگجوئوں کو حریت (گ)، مسلم دینی محاذ، پیپلز فریڈم لیگ، حریت (جے کے)، پیروان ولایت، سالویشن مومنٹ ، دختران ملت نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ حریت (گ) نے کہا کہ عظیم اور مقدس مقاصد کے لیے اپنی جانیں دینے والے یہ سرفروش پورے قوم پر یہ ملی ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ان کے مشن کو ہر صورت میں اور ہر قیمت پر جاری رکھا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ افسپا جیسے کالے قانون کے تحت بھارتی فوج کشمیریوںکو ماررہے ہیں تاکہ حصولِ مقصد کے لیے اس ظلم کے خلاف کوئی آواز اٹھانے والا نہ رہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیری ان سرفروشوں کو کبھی بھی اور کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کرے گی جو قوم کے روشن مستقبل اور آزاد مستقبل کے لیے اپنی اٹھتی ہوئی جوانیوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔مسلم دینی محاز نے جامع مسجد کاکہ پورہ پلوامہ سے احتجاجی جلوس نکالا جس کی قیادت ضلع امیر خالدبشیر اور ضلع سیکریٹری شمیم احمد نے کی ۔احتجاج کے اختتام پرخالد بشیر نے بھارت کے نت نئے حربوں کو آزادی کی تحریک کو ہتھیار کے طور پر دبانے کو ناکام کوشش قرار دیا ۔ پیپلز فریڈم لیگ ترجمان نے کہا کہ ان عظیم قربانیوں کی بدولت ہی تحریک آزادی کشمیر ایک فیصلہ کن مرحلے پر کھڑی ہے اورمسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر بنتا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عسکریت پسندوں کی ناقابل فراموش قربانیاں ہمارے تحریک کا وہ قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہے جس کو قوم کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتی اور جس کی حفاظت کرنا کشمیری عوام کی بنیادی ذمہ داری ہے اور ان قربانیوں کو کسی بھی قیمت پر رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔حریت (جے کے )کے کنوینر اور مسلم کانفرنس چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاذ آزادی صدر محمد اقبال میر،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے مشترکہ بیان میں فورسز کی طرف سے پر امن احتجاجیوں پر طاقت کے بے تحاشا استعمال کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمی ہوئے افراد خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ قربانیوںکی لاج رکھنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ پیروان ولایت ترجمان نے کہا ہے کہ حصول آزادی کے لئے کشمیری قوم متحد ہے اور ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے ۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ کشمیری عوام کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں کا واضح مدعا و مقصد صرف اور صرف بھارت کا کشمیر پر تسلط کو ختم کرنا ہے اور آزادی سے کم کسی بھی پیکیجزکو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی فوجی طاقت کے سامنے کشمیری عوام ہار تسلیم کریں گے۔انہوںنے کہاکہ حصول مقصد تک اپنی سیاسی جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے۔دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ اتحاد ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر عسکریت پسندقلیل تعداد میں بھی ہے اور بھارت کی فوج لاکھوں کی تعداد میں لیکن جنگجوئوں کا اتحاد انہیں زیر کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت اور ایجنسیاں پھوٹ ڈالو اور راج کرو کے اصول پر کاربند کشمیری قوم کی تقسیم در تقسیم کر رہی ہے جس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔