سرینگر// امت اسلامی نے تنظیم کے سربراہ اور میر واعظ جنوبی کشمیر قاضی احمد یاسر کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اِس کے خلاف احتجاج کیا۔ امت اسلامی کے سینئر رہنما اعجاز نوری نے ایک بیان میںکہا ہے کہ ڈاکٹر قاضی نثار کی یاد میں منائی گئی محفل پر قاضی یاسر ،شبیر ڈار، حکیم رشید اور نثار نعیمی سمیت نصف درجن نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت کو یاد رکھنا چاہئے کہ ظلم و جبر اور تشدد کی پالیسی سے کشمیریوں کو جیتا نہیں جا سکتا بلکہ اس سے حالات مزید خراب ہونے کے قوی امکانات ہیں۔اعجاز نوری نے کہا کہ متحدہ قیادت کی ہڑتالی کال کے پیش نظر ہفتہ شہادت کے دوران وکلاء کانفرنس کو مؤخر کر دیا گیا ہے جبکہ نئی تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔مولانا نوری نے سری گفوارہ میں فوج کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کاروائیوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے بلکہ یہ جدو جہد کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔بیان کے مطابق بدھ کو ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں طالب علموں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔حریت( جے کے) نے اپنے کنوینر شبیر احمد ڈار کی پولیس کے ہاتھوں اسلام آباد میں گرفتاری کے بعد مسلسل مقید رکھنے کی مذمت کی ہے ۔ایک بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ شبیر احمد ڈار ڈاکٹرقاضی نثار احمد کی برسی میں شرکت کرنے کیلئے گئے تھیجہاں پولیس نے شبیر احمد ڈار کے ساتھ ساتھ مزاحمتی لیڈر حکیم عبدالرشید اور قاضی یاسر کو گرفتار کیا۔ترجمان نے پولیس کے اس طرز عمل کو ریاستی دہشت گردی سے تعبیر کیا ہے۔
محاذ آزادی کا خراج عقیدت
سرینگر// محازآزادی نے ڈاکٹر قاضی نثار کی برسی پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی ہستیاں قوم و ملت کا انمول سرمایہ ہونے کے ساتھ ساتھ قابل تقلید ہوتے ہیں۔ پارٹی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی ،صدر سید الطاف اندرابی اور دیگر ارکان نے کہا ہے کہ کشمیر میں ہر طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افراد،علماء اور دانشوروں نے رواں تحریک کے دوران اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں ،جو ناقابل فراموش ہیں۔
گرانقدر عالم دین اور سماجی شخصیت:نیشنل کانفرنس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے مولانا قاضی نثار کو اُن کی برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف گراں قدر مذہبی عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ مخلص اور شریف النفس انسان تھے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی نثار کی ہلاکت سے ایک خلاء پیدا ہوا جسے پُر کرنے میں بہت وقت درکار ہوگا۔ سٹیٹ سکریٹری پیرزادہ غلام احمد شاہ ،نائب صوبائی صدر ڈاکٹر محمد شفیع، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری اورضلع صدر اسلام آباد الطاف احمد کلو نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔