نئی دہلی/ 20 گرینڈ سلیم خطابات کے بادشاہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو میامی اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں باہر ہونے کا خمیازہ اپنے نمبر ایک رینکنگ گنوا کر بھگتنا پڑا جبکہ اسپین کے رافیل نڈال حال میں کورٹ سے باہر رہنے کے باوجود پھر ٹاپ پر قابض ہو گئے ہیں۔ نڈال اور فیڈرر کے درمیان پوائنٹس کا زیادہ فاصلہ نہیں ہے ۔دونوں کے درمیان صرف 100 پوائنٹس کا فرق ہے اور اگلے کسی بھی ٹورنامنٹ میں سرفہرست مقام تبدیل ہو سکتا ہے ۔نڈال کے 8770 اور فیڈرر کے 8670 پوائنٹس ہیں۔کروشیا کے مارن سلچ اپنے تیسرے مقام پر بنے ہوئے ہیں۔ میامی اوپن میں رنر اپ رہے جرمنی کے الیکساندر زیویریو ایک جگہ کی بہتری کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ خطاب جیتنے والے امریکہ کے جان اسنر نے آٹھ مقام کی چھلانگ لگائی ہے اور وہ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جو ان کی بہترین رینکنگ ہے ۔وہ اسی کے ساتھ امریکہ کے ٹاپ رینک کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ خواتین کی رینکنگ میں رومانیہ کی سمونا ہالیپ کا سرفہرست مقام بنا ہوا ہے اور چوٹی کے آٹھ مقامات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔میامی اوپن کا خطاب جیتنے والی امریکہ کی سلوین اسٹیفنز تین مقام کی بہتری کے ساتھ پہلی بار ٹاپ 10 میں شامل ہو گئی ہیں اور اب وہ نویں نمبر پر ہیں۔اسٹیفنز سے فائنل میں ہارنے والی لاٹویا کی جیلینا اوستاپیکو کا پانچواں مقام بنا ہوا ہے ۔