جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژنل مجسٹریٹ مینڈھر کی ہدایت پر تحصیلدار کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم نے جمعرات کے روز مینڈھر بازار کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس کارروائی میں پولیس اہلکاروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی حصہ لیا۔معائنے کے دوران ٹیم نے بازار میں موجود مختلف دکانوں کا جائزہ لیا، جہاں متعدد دکانداروں کو فٹ پاتھوں پر سامان رکھ کر عوام کے چلنے کے راستے تنگ کرتے ہوئے پایا گیا۔ اس صورتحال پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انتظامیہ نے کئی دکانداروں کا سامان ضبط کیا اور ان پر ہزاروں روپے جرمانہ عائد کیا۔تحصیلدار نے موقع پر موجود دکانداروں کو سختی سے متنبہ کیا کہ آئندہ کسی بھی صورت میں فٹ پاتھوں پر سامان نہ رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف آئندہ مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ نے کہا کہ یہ قدم عوامی سہولت، نظم و ضبط اور شہر کو صاف و منظم رکھنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔ ٹیم کے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ کارروائی کا مقصد دکانداروں کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ عوامی مفاد میں بازار کا نظم برقرار رکھنا ہے۔مزید کہا گیا کہ اگر آئندہ کسی نے انتظامی ہدایات کی خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف نہ صرف بھاری جرمانہ بلکہ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔