عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // سرینگرضلع کے تمام فوڈ بزنس آپریٹرز (ایف بی اوز) کو فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈز ایکٹ سے باخبر بنانے کے مقصد سے، فوڈ سیفٹی ٹریننگ اینڈ سرٹیفیکیشن کے تحت ایک روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد سرینگر فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے کیا۔ تربیتی پروگرام کا انعقاد ڈپٹی کمشنر محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر بلیوارڈ ڈلگیٹ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں کیا گیا ، جس کا مقصد ضلع سری نگر کے فوڈ بزنس آپریٹرز کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ سے باخبر بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا تھاکہ کوئی غیر صحت بخش کھانا پکا کر صارفین کو نہیں دیا جاتاہے۔
تربیتی پروگرام اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی، یامین النبی کی نگرانی میں منعقد کیا گیا جس میں 50 سے زائد فوڈ بزنس آپریٹرز خاص طور پر ہوٹل انڈسٹری اور ڈھابوں سے کام کرنے والے افراد نے اس تصور کے ساتھ تربیتی پروگرام میں حصہ لیا تاکہ کھانے پینے کی اشیا کی کسی بھی قسم کی بد نظمی سے بچا جا سکے۔ مینوفیکچرنگ کے دوران شرکا کو مینوفیکچرنگ پلانٹس میں حفظان صحت کے اعلی ترین معیار کو برقرار رکھنے کے بارے میں تربیت دی گئی۔ٹیم فوڈ سیفٹی سرینگر کی طرف سے جواہر نگر، راج باغ اور ملحقہ علاقوں میں ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن کے انٹیلی جنس کم لیگل سیل کے ساتھ مل کر ایک خصوصی مہم چلائی گئی جس کے دوران کھانے کی معیاری اشیا کو جانچنے کے لیے ایک موبائل فوڈ ٹیسٹنگ وین بھی لگائی گئی۔ شہر کے بازاروں میں فروخت کیا گیا تقریباً 60 نمونوں کا موقع پر ہی تجزیہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد نے فوڈ سیفٹی کے محکمے سے کہا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں اچھے حفظان صحت کے طریقوں، اچھے مینوفیکچرنگ طریقوں اور اچھی کیٹرنگ پریکٹسز کو برقرار رکھنے کے حوالے سے ایسے تربیتی پروگراموں کو جاری رکھیں خاص طور پر ان فوڈ بزنس آپریٹرز کے لیے جو مختلف قسم کے کھانے کی تیاری سے وابستہ ہیں۔