سرینگر//حریت (ع)، فریڈم پارٹی، حریت (جے کے)، تحریک حریت، لبریشن فرنٹ (آر) ،مسلم دینی محاذ، تحریک مزاحمت اور پیپلز فریڈم لیگنے کنیلون اننت ناگ (اسلام آباد )میں عسکری معرکہ کے دوران مارے گئے عسکریت پسند یاور نثار اور ایک عام شہری غلام محی الدین کوبھر وپور الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیاہے۔ حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں موجود اجتماع سے نماز جمعہ سے قبل ٹیلیفونک خطاب میں کنیلون اسلام آباد میں ایک عام شہری غلام محی الدین بٹ ولد محمد یوسف بٹ کو شہید کئے جانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ CASO کی آڑ میںیہاں طاقت اور قوت کے بل پر نہتے شہریوں کو تہہ تیغ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فورسز کو عام شہریوںکو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور وہ خود کو حاصل بے پناہ اختیارات کا بڑی بے دردی سے استعمال کرکے نہتے لوگوںکو قتل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے سلب شدہ حقوق کی بازیابی کیلئے قربانیاں پیش کررہے ہیں اور ان قربانیوں کو اسی وقت ثمر آور اور نتیجہ خیز بنایا جاسکتا ہے جب پوری قوم تحریک مزاحمت کے تئیں اپنی بھر پور وابستگی اور استقامت کا عمل جاری رکھے گی۔ادھر حریت (ع)ترجمان نے اسلام آباد کے متعدد علاقوںجن میں ملکھ ناگ، چینی چوک، اور کاڑی پورہ شامل ہیں میں فورسز کی جانب سے گھروں کے اندر گھس کر اسباب خانہ کو تہس نہس کرنے ، مکانوں کی کھڑکیوں ، دروازوں کی توڑ پھوڑ اور مکینوں کی مار پیٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری فورسز بے لگام ہوکر نہتے عوام کو اپنے تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ترجمان نے فورسز کی ان بہیمانہ کارروائیوں کیخلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے حقوق بشر کی عالمی تنظیموں سے سنجیدہ نوٹس لینے کی اپیل کی۔ادھر فرےڈم پارٹی ترجمان نے کنلون بجبہاڑہ مےں مارے گئے ےاور احمد اور اےک عام شہر ی غلام محی الدےن کی شہادت پر دکھ کا اظہار کر تے ہو ئے کہا کہ گزشتہ ایک عرصہ سے مسلسل شہادتوں کے واقعات رونماءہورہے ہیں ،ہم اس طرح کے واقعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان عوامل پر غور کرنے کی دعوت دے رہے ہیں کہ یہ دیکھا جائے کہ میر و جعفر قسم کے کئی لوگ آستین کے سانپ بنے کس طرح ہمیں جانی نقصان پہنچارہے ہیں ۔ترجمان نے فورسز کے ہاتھوںعام شہری کی ہلاکت پر گہرے دکھ و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے مقامی گماشتوں کی ایماءپر شہری آبادی کے خلاف ایک جنگ شروع کرکھی ہے اور ہمارے عزائم سے خائف ہوکر معصوم لوگوں کی جانیں لی جارہی ہیں ۔ادھر پارٹی کے ذمہ داران انجینئر فاروق احمد ،سجاد احمد ،اشفاق احمد ،عادل احمد نے ےاور احمد کی نماز جنارے مےں شرکت کی۔ اس دوران حریت (جے کے ) کے کنوینر اور مسلم کانفرنس چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاذ آزادی صدر محمد اقبال میر،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے مشترکہ بیان میں فورسز کے ہاتھوں ایک اور بے گناہ شہری کی ہلاکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قتل نا حق سے تعبیر کیا ۔ انہوںنے کہاکہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت نوجوانوں کی نسل کشی بھارت نے جاری و ساری رکھی ہے ۔انہوںنے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے وہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ہورہی انسانی حقوق کی پامالیوں کا سختی سے نوٹس لے کر بھارت پر دباو ڈالے تاکہ وہ مسلہ کشمیر انسانی بنا پر عوام کے امنگوں کے مطابق حل کریں ۔محمد اقبال میر نے یاور نثار کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور گھر جاکر پسماندگان سے تعزیت پرسی کی۔تحریک حریت کا ایک وفد بشیر احمد قریشی کی قیادت میں دوسرے ذمہ داروں کے ہمراہ شہداءکے گھر گئے اور لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔ بشیر احمد قریشی نے کہا کہ جموں وکشمیر کو ہرروز کشمیریوں کے خون سے نہلایا جارہا ہے،وادی کا چپہ چپہ انسانی خون سے لالہ زار بن چکا ہے۔ ہر سو بھارتی فورسز نے انسانی سینوں پر بندوقیں تانی ہیں، مگر عام اقوام نے جموں کشمیر میں ہونے والے قتل وغارت پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیں اور جموں کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ادھر لبریشن فرنٹ (آر) ترجمان نے معرکہ کولگام میں مارے گئے عاقب حمید ایتو اور سہیل عارف اور کنیلون بجبہاڑہ میں مارے گئے جنگجو یاور نثار اور ایک نہتے شہری غلام محی الدین بٹ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بے لگام فوجی طاقت کے نشے میں عام شہریوں کو بھی گولی کا نشانہ بناکر قیمتی جانیں چھین رہے ہیں ۔مسلم دینی محاز کا وفد خالد شکیل کی قیادت میں گوپال پورہ کولگام گیاجہاں انہوںنے سہیل احمد راتھرکے لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ ضلع پلوامہ امیر خالد بشیر کی قیادت میں وفدعارف للہاری اور فردوس احمد کے گھر کاکہ پورہ گیااور لواحقین کو پُرسادیا۔اس دوران تحریک مزاحمت ترجمان نے کولگام اور بجبہاڑہ معرکہ میں جان بحق ہوئے جنگجوﺅں اور عام شہری کو خراج عقیدت ادا کیا۔اس دوران پیپلز فریڈم لیگ جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے ہاکھری پورہ پلوامہ میں ایک عسکری معرکے کے دوران مارے گئے عسکریت پسندیاور نثار اور ایک نہتے شہری کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم ایک جائز مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہے اور اس راہ میں دی جانے والی قربانیاں ہماری مبنی برحق جدوجہد کا انمول سرمایہ ہے۔
کشمیر کی سرزمین شہداءکے لہو سے سرخ ہوچکی ہے:حزب
سریگر// حزب المجادہین سربراہ سیدصلاح الدین نے عظیم قربانیوں کوکامیابی کی ضمانت قراردیتے ہوئے واضح کیاکہ مقدس لہو قطعاً رائیگاں نہیں جائے گا۔حزب ترجمان سلیم ہاشمی کی جانب سے موصولہ بیان کے مطابق سیدصلاح الدین نے کہاکہ کشمیر کی سرزمین شہداءکے لہو سے سرخ ہوچکی ہے اور اس لہو کی سرخی سے ہی کشمیر میں آزادی کی سحر پھوٹے گی۔ کنیلون بجبہاڑہ میں بھارتی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران مارے گئے حزب کے جانبازیاور نثار اور عام شہری غلام محی الدین بٹ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صلاح الدین نے کہا کہ یہ لہو قطعاً رائیگاں نہیں جائے گا اور عسکریت پسندوں کے عزم کے سامنے دشمن عنقریب سرنگوں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کا اپنے ہیروز کے ساتھ والہانہ لگاﺅ اپنی مثال آپ ہے، یہی وجہ ہے کہ قوم کے نوجوان، بچے، بوڑھے اور عورتیں بے خطر جنگجوﺅں کے لئے ڈھال بن جاتے ہیں جس قوم کے دل عسکریت پسندوں کے ساتھ دھڑکتے ہوں، ممکن ہی نہیں وہ قوم زیادہ دیرتسلط کی زنجیروں میں جکڑی رہے گی۔ تنظیم کے ڈپٹی چیف سیف اللہ خالد اور فیلڈ آپریشنل کمانڈر محمود غزنوی نے بھی شہداءکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ شہداءکے مشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
شہری ہلاکتیں اب معمول:این سی
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے کنلون بجبہاڑہ میں آرونی کے غلام محی الدین بٹ کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔ پارٹی کے ترجمان جنید عظیم متو نے عام شہریوں کی مسلسل ہلاکتوں کو افسوسناک اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط حکومت لوگوں کے مال و جان کا تحفظ کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ عام شہریوں کی آئے روز ہلاکتیں اب معمول بن کر رہ گیا ہے۔ حکومتی رویہ کو عام شہریوں کی مسلسل ہلاکتوں کی وجہ قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں پر حکومت خاموش تماشائی کا رول نبھا رہی ہے، نہ کوئی کیس درج کیا جارہا ہے، نہ تحقیقات اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کی شمالی زون صدر سکینہ ایتو، ضلع صدر اسلام آباد ڈاکٹر محمد شفیع اور سابق ایم ایل سی ڈاکٹر بشیر احمد ویری نے بھی اس ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔