ڈوڈہ //ضلع کے مختلف علاقوں کے بیروزگار نوجوانوں کو آرمڈ فورسز میں بھرتی ہونے کی ترغیب اور تربیت دینے کے لئے ایک تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں گندو اور بھدرواہ تحصیل سے تعلق رکھنے والے 50سے زائد نوجوانوں کی شرکت متوقع ہے ۔ پریس کے لئے جاری ایک بیان میں فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ خطہ چناب کے ان علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے اس کیمپ کا آغاز آج یعنی 25ستمبر کو کیا گیا اور یہ اکتوبر کی 24تاریخ تک جاری رہے گا۔ ریلیز کے مطابق اس کیمپ کے دوران نوجوانوں کو جسمانی صحت کے مطلوبہ معیار پا راترنے کے لئے بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی اس کے ساتھ ہی تحریری انٹرویو کو پاس کرنے کے لئے بھی انہیں ٹپس دئیے جائیں گے۔ نوجوان، جن میں سے بیشتر کا تعلق گندو، سوہانڈہ، گوستی، چلی ، شریکھی اور تھنالہ بھیجہ وغیرہ سے ہے ، میں اس کیمپ کے تئیں خاصہ جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔