سرینگر//گورنر این این ووہرا نے یہاں راج بھون میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران وادی کشمیر سے متعلق سلامتی صورتحال کا جائیزہ لیا۔یہ میٹنگ ضلع کولگام میں تین شہریوں کی ہلاکت کے واقعہ کے پس منظر منعقد کی گئی تھی۔ گورنر نے خصوصی طور پر تبادلہ خیال کے لئے ناردرن آرمی کمانڈر لیفٹنٹ جنرل رنبیر سنگھ کو میٹنگ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔تین شہریوں کی ہلاکت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے فوج اور تمام سلامتی فورسز پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے عام شہریوں کو جانی نقصان سے بچانے کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے آرمڈ فورسز اور ریاستی پولیس کے سول انتظامیہ کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے مشکل حالات کے ساتھ نمٹنے کی ہدایت دی بالخصوص شہریوں کی جان کی حفاظت کرنے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔اس موقعہ پر گورنرکو سلامتی انتظامات اور شری امر ناتھ جی یاترا کو احسن طریقے پر منعقد کرنے سے متعلق کئے گئے انتظامات کے سلسلے میں تمام سلامتی فورسز کے سربراہوں نے جانکاری دی۔میٹنگ میں ناردرن آرمی کمانڈر کے علاوہ گورنر کے مشیران بی بی ویاس، کے وجے کمار اور خورشید احمد گنائی، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایس پی وید، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولا، پرنسپل سیکرٹری ہوم آر کے گوئل، جی او سیxv کارپس لیفٹنٹ جنرل اے کے بھٹ، اے ڈی جی پی، سی آئی ڈی اے جی میر، اے ڈی جی پی ہوم گارڈز، سیکورٹی اینڈ لاء اینڈ آرڈر منیر خان، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، آئی جی پی کشمیر ، ایس پی پانی، آئی جی سی آر پی ایف( آپریشنز) کشمیر ذوالفقار حسن، آئی جی، ای آر پی ایف کشمیر روی دیپ سنگھ ساہی اور آئی جی، بی ایس ایف سونالی مشرا بھی موجود تھیں۔