سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت کی سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ہی فورسز اہلکاروں کی حالت پر رحم کھائے جو اب نفسیاتی طور متاثر ہورہے ہیں اوراب آئے دنوںخود کشی کرتے ہیں۔تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی دلی کو تنازعہ کشمیر سے متعلق تاریخی حقائق کا ادراک کرتے ہوئے متنازعہ خطے سے فورسز کاانخلاء انجام دے تاکہ یہاں بسنے والے لاکھوں لوگ آزاد فضا کے اندر اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ لے سکیں۔بیان کے مطابق آئے دنوں فورسز کے خود کشی واقعات سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ وہ کشمیر جیسے متنازعہ خطے کے اندر تعینات رہتے ہوئے کن کٹھن حالات کا سامنا کررہے ہیں۔فریڈم پارٹی نے بھارت کی سیاسی قیادت پر زور دیا کہا کہ وہ اپنے ہی فورسز اہلکاروں کی حالت پر ترس کھائے جنہیں جموں کشمیر کے لوگوں کی آزادی سلب کرنے کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔بیان کے مطابق اس خطے کے اندر بھاری فوجی جمائو نہ صرف یہاں کے لوگوں کیلئے مہلک ثابت ہورہا ہے بلکہ اس سے خود بھارتی فورسز پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔