نوشہرہ //فوج کی طرف سے کی جارہی مشق کے دوران حد متارکہ کے قریب نوشہرہ کے نوپنال گائوں میں ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا ۔ذرائع نے بتایاکہ فوج کی 33آر آر بٹالین کے اہلکار کنارا فائرنگ رینج میں مارٹر کا فائر کررہے تھے کہ وہاںپر جنگل میں موجود 52سالہ رتن سنگھ ولد سنتوکھ سنگھ گولی کی زد میں آکر موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔ یہ شخص کافی عرصہ سے گولی سکہ چننے کا کام کرتاتھا اور گولہ باری کے دوران زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ اس کی نعش کوہسپتال منتقل کیاگیا جہاں پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کردیاگیاہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔دریں اثناء نوشہرہ کے سیر کڈالی علاقے میں گزشتہ رات ہندوپاک افواج کے درمیان ہوئی فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں آکرباپ بیٹی زخمی ہوگئے ہیں جن کو ہسپتال میں زیر علاج رکھاگیاہے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق منگل و بدھ کی درمیانی شب پاکستانی فوج نے نوشہرہ کے سیر کڈالی علاقے میں مارٹر شیلوں سے گولہ باری کی جس دوران ایک مارٹر شیل 35سالہ بھولا رام ولد جوگیندر لعل سکنہ کڈالی کے گھر کے باہر آگراجس کی وجہ سے بھولا رام اوراس کی 15سالہ بیٹی پریا دیوی شدید طور پر زخمی ہوئے ۔انہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے ۔