جموں //بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے جموں میں اپنے دورے کے دوسرے روز سانبہ اور رتنہ چک میں اگلی چوکیوں پر جاکر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا ۔اس دوران فوجی سربراہ کو لفٹنٹ جموں ،سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں سلامتی کی صورتحال کی نگرانی کرنے والے جنرل جے ایس نین ، جنرل افسر کمانڈنگ 9کارپس کی طرف سے موجودہ صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بتایاگیا۔ فوجی سربراہ نے اگلی چوکیوں پر تعینات اہلکاروں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور ان کی فوجی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دشمن کے کسی بھی حربے کو ناکام بنادیاجائے گا۔ جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لفٹنٹ کرنل دیوندر آنند نے بتایاکہ فوج کے سربراہ نے اہلکاروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ترجمان نے بتایاکہ فوجی سربراہ نے اہلکاروں کے بلند حوصلے اور صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھرپور تیاریوں کو بھی سراہا۔بپن راوت نے جموں کا ایسے وقت میں دورہ کیاہے جب حد متارکہ پر حالات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک کی فضائیہ نے ایک دوسرے کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے ۔سنیچر کے روز راوت نے نگروٹہ میں 16کارپس ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا ۔