سرینگر// دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے افواج ہند کے سربراہ جنرل بپن راوت کے بیان کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ بیانات ان کی ذہنی خلجان کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔بیان کے مطابق آسیہ اندرابی نے کہا ہے جنرل کے اس بیان نے ظاہر کردیا ہے’’ ریاست کو آر ایس ایس اور فوج چلا رہی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ یہ دعوے کیا جارہے ہیں کہ ریاست کو سیول انتظامیہ چلا رہی ہیں لیکن یہ حقیقت سے بعید ہے،بلکہ اصل میں آر ایس ایس آرمی کے ساتھ مل کر کشمیر کے معاملات طے کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کو یہ گمان ہے کہ اگر کشمیری طلبہ کو صحیح تاریخ پڑھائی گئی تو یہ بھارت اور اس کی پالیسیوں سے پردہ اٹھا جاے گا۔انہوں نے کہایہ جانتے ہیں کہ کشمیر کی تاریخ پڑھتے ہی یہ ہندوستان کے ساتھ کشمیر کے رشتے پر سوال کریں گے اور انہیں بھارت اور اس کے عزائم کی خوب سمجھ آجائے گی۔ دختران ملت کی سربراہ نے کہا کہ بھارت زبردست کوشش کر رہا ہے کہ این سی ای آر ٹی کے بجائے سی بی ایس ای طرز تعلیم متعارف کرنا چاہتا ہے کیونکہ اس کے تحت کشمیر اور بر صغیر کی تاریخ مسخ کردی گئی ہے اور جنرل راوت نے اسی بات کا اشارہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ بچائے اگر یہ لوگ اپنے منصوبوں میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو کشمیری عوام کی شناخت مکمل طور پر خطرے میں پڑ جائے گی۔