عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں گریز، مژھل اور کیرن سیکٹرز کا دورہ کر کے سرحدوں پر تعینات فوجی دستوں کی عملی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران، جنرل شرما نے فرنٹ لائن پر تعینات فوجیوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار منایا اور ان کے ساتھ خوشی کے لمحات بانٹے ۔ انہوں نے فوجی جوانوں کے ساتھ براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے ان کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کی بھرپور تعریف کی۔ لیفٹیننٹ جنرل شرما نے کہا کہ فوج کے جوان انتہائی مشکل موسمی اور جغرافیائی حالات میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، اور ان کی خدمات قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ ان کے حوصلہ افزا کلمات اور موجودگی نے جوانوں کے حوصلے کو مزید بلند کیا اور سرحدی علاقوں کے دفاع کے تئیں ان کے عزم کو مزید مستحکم کیا۔ شمالی کمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، آرمی کمانڈر کا یہ دورہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہندوستانی فوج ہر حال میں مادر وطن کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے پرعزم اور تیار ہے ، خواہ حالات کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں۔